پاکستانی نامور اداکارہ ماورہ حسین نے امریکا میں بالی وڈ کے نامور اداکار رشی کپور سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔
رشی کپور گزشتہ برس سے کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں اور امریکا میں زیر علاج ہیں، ایسے میں ان عیادت کے لیے متعدد بالی وڈ ستاروں کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔
اس وقت پاکستانی اداکارہ ماورہ حسین بھی امریکا میں موجود ہیں جہاں انہوں نے رشی کپور کی عیادت کے لیے ان کی رہائش گاہ کا دورہ کیا۔
ماورہ نے رشی کپور کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
رشی کپور سے ملاقات کے دوران لی گئی ایک تصویر ٹوئٹر پر شیئر کی اور بتایا کہ ان کے بائیں جانب پاکستان کی نامور اداکارہ ماورہ حسین ہیں جب کہ دائیں جانب ان کی دوست خدیجہ ہیں۔
رشی کپور لکھتے ہیں کہ دونوں کا ان سے ملاقات کیلئے آنا خوشگوار ہے۔
خیال رہے کہ ماورہ حسین نے فلمی کیرئیر کا آغاز بالی وڈ کی فلم ’صنم تیری قسم‘ سے کیا جو بھارت سمیت کئی ممالک میں کامیاب ثابت ہوئی۔