ماورا حسین سین چھوڑ کر نماز پڑھتی ہیں، یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے: عذرا منصور

ماورا حسین سین چھوڑ کر نماز پڑھتی ہیں، یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے: عذرا منصور


ریڈیو پاکستان سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والی پاکستان انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے وابستہ سینیئر اداکارہ عذرا منصور نے پاکستانی فنکاروں کی مذہبی عقیدت کے بارے میں کھل کر بات کی ہے۔

حال ہی میں انہوں نے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب کے چینل کو انٹرویو دیا۔

دورانِ انٹرویو انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ شوبز انڈسٹڑی سے وابستہ خاص طور سے فلموں کے فنکاروں کے لیے جو الفاظ استعمال کیے جاتے ہیں وہ نہایت نامناسب ہوتے ہیں، لوگ ہمیشہ یہی تصور کرتے ہیں کہ اداکار ہیں تو مذہب سے دور ہوں گے لیکن حقیقتاً ایسا نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں یہ نہیں کہتی کہ ہر کوئی مذہبی ہے، ہم انسان ہیں، انسان خطا کا پتلا ہے لیکن انڈسٹری میں کافی فنکار ایسے ہیں جو واقعی مذہبی ہیں، مذہب سے قریب ہیں۔

عذرا منصور نے اپنی حالیہ ڈرامہ سیریل ’جفا‘ کی ریکارڈنگ کے دنوں کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ ابھی ماورا حسین اور محب مرزا کے ساتھ جفا میں کام کیا ہے، دونوں ہی ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران وقت نکال کر اپنی نماز وقت پر ادا کیا کرتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ماورا حسین کو دیکھ کر خوشی ہوتی ہے، وہ ہمیشہ سین کی ریکارڈنگ کے دوران اگر نماز کا وقت ہو جاتا تو پہلے نماز ادا کرتیں پھر واپس آ کر سین شوٹ کرواتی تھیں۔

سینیئر اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ ایسا صرف جفا کے سیٹ پر نہیں تھا بلکہ دلِ نادان کی ریکارڈنگ کے دوران بھی اداکارہ فجر سمیت دیگر نوجوان لڑکیاں سب نماز کی پابندی کرتی تھیں، میں خود بھی روزے رکھتی ہوں اور رمضان میں کام بھی کرتی ہوں لیکن ہم فنکاروں خاص طور سے فلموں میں کام کرنے والے فنکاروں کے لیے جو الفاظ استعمال کیے جاتے ہیں وہ نہایت نامناسب ہوتے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں