اولڈ ٹریفورڈ:
مانچسٹر ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دے دی، انگلش ٹیم نے پاکستان کا 277 رنز کا ہدف چوتھے دن ہی 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔پاکستان کے خلاف سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ انگلینڈ کے شہر مانچسٹر میں واقع اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلا گیا جہاں کھیل کے چوتھے روز پاکستان نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 277 رنز کا ہدف دیا۔
انگلش ٹیم نے کھیل کے چوتھے ہی روز پاکستانی ٹیم کا دیا گیا 277 رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ اپنے نام کرلیا۔ فتح میں اہم کردار ووکس اور جوز بٹلر نے ادا کیا جنہوں نے بالترتیب 84 اور 75 رنز اسکور کیے جب کہ ووکس ناٹ آؤٹ رہے۔
انگلش کھلاڑیوں میں پہلی وکٹ 22 رن پر برنس کی گری، برنس نے 10 رن بنائے اور محمد عباس نے انہیں ایل بی ڈبلیو کردیا۔ سبلے نے 114 گیندوں پر 36 رن اسکور کیے تاہم وہ یاسر شاہ کی گیند پر اسد شفیق کو کیچ دے بیٹھے۔
96 کے اسکور پر انگلینڈ کی تیسری وکٹ گری، نسیم شاہ کی گیند پر جوئے روٹ بابراعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوکر 42 رن پر پویلین لوٹ گئے۔ یاسر شاہ نے چوتھے نمبر کے کھلاڑی بین اسٹوکس کو نشانہ بنایا، اسٹوکس رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے جو کہ 9 رن بناسکے۔
ٹیم کے 117 رنز پر پانچویں وکٹ اولے پوپ کی گری جو 7 رنز پر شاہین آفریدی کی گیند پر شاداب خان کے ذریعے کیچ آؤٹ ہوگئے۔ ان کے بعد جوزف بٹلر آئے جو 75 رن کا بڑا اسکور کرتے ہوئے ٹیم کا مجموعی اسکور 256 پر لے گئے۔ انہیں یاسر شاہ نے ایل بی ڈبلیو کیا۔
براڈ 7 رنز بناسکے اور یاسر شاہ کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ بٹلر کے بعد کرس ووکس آئے اور چھا گئے، انہوں ںے 120 گیندوں پر دھواں دھار ناقابل شکست اننگ کھیلی اور 84 رنز اسکور کرکے ٹیم کو فتح دلائی۔
بالنگ سائیڈ میں پاکستانی بالرز محمد عباس اور نسیم شاہ نے چار چار وکٹ، یاسر شاہ نے دو اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ عباس نے 16 اوورز کے عوض 36 رنز، نسیم شاہ نے 13 اوورز کے عوض 45 رنز، یاسر شاہ نے 30 اوورز کے عوض 99 رنز، شاہین آفریدی نے 15 اوورز کے عوض 61 رنز اور شاداب خان نے 8 اوورز کے عوض 34 رنز دیے اور کوئی وکٹ حاصل نہیں کرسکے۔
قبل ازیں پاکستان کو دوسری اننگز میں 107 رنز کی برتری ملی لیکن بدقسمتی سے دوسری اننگز میں پاکستانی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ثابت ہوئی اور کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکا اور یوں پوری ٹیم 169 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
قومی ٹیم کی جانب سے پہلی اننگز کے سنچری میکر شان مسعود کھاتہ کھولنے میں بھی کامیاب نہ ہوسکے جب کہ لیگ اسپنر یاسر شاہ 33 رنز بناکر سب سے نمایاں رہے، اسد شفیق 29 اور محمد رضوان 27 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے اسٹورٹ براڈ 3، کرس ووکس اور بین اسٹوکس 2،2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
انگلینڈ کی اننگ
قبل ازیں انگلینڈ کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 219 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئی۔ انگلینڈ کی جانب سے اولے پوپ 62 اور جوز بٹلر 38 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے جب کہ پاکستان کے سب سے کامیاب باؤلر یاسر شاہ رہے جنہوں نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، اس کے علاوہ شاداب اور عباس نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
اس سے قبل پاکستان شان مسعود کی ریکارڈ ساز اننگز کی بدولت پہلی اننگز میں 326 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ شان مسعود 156 اور بابراعظم 69 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ انگلینڈ کی جانب سے اسٹورٹ براڈ اور جوفرا آرچر نے 3،3 جب کہ کرس ووکس نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
دوسرے روز کے اختتام پر پاکستانی بولروں نے شاندار آغاز کرتے ہوئے انگلش بلے بازوں کی ایک نہ چلنے دی اور 92 رنز پر ان کے 4 کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیج دیا۔ ڈوم سبلی 8، رورئے برنس 4، بین اسٹوک صفر جب کہ کپتان جوئے روٹ 14 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
پاکستانی ٹیم اظہرعلی کی قیادت میں عابد علی، شان مسعود، بابراعظم، اسد شفیق، محمد رضوان، شاداب خان، یاسر شاہ، محمد عباس، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ پر مشتمل ہے۔
انگلش ٹیم کی قیادت جوئے روٹ کر رہے ہیں جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں ڈوم سبلی، رورئے برنس، بین اسٹوک، اولے پوپ، جوز بٹلر، ڈومینک بیس، اسٹورٹ براڈ، کرس ووکس، جوفرا آرچر اور جیمز اینڈرسن شامل ہیں۔