مالکان کو ڈگ آؤٹ میں بیٹھنے کی خصوصی اجازت


کراچی: 

 پی ایس ایل5 میں مالکان کو ڈگ آؤٹ میں بیٹھنے کی خصوصی اجازت دی گئی ہے البتہ انھیں پہلے اس حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے پھر اس فیصلے  پر قائم رہنا پڑے گا۔

دوران میچ کسی اور انکلوژر وغیرہ میں جانے کی اجازت نہیں ہوتی۔ تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل5 میں جمعے کو کراچی کنگز کے سی ای او طارق وصی دوران میچ ڈگ آؤٹ میں موبائل فون پر گفتگو کرتے پائے گئے، ٹی وی پر یہ دیکھنے کے بعد شائقین نے سوشل میڈیا پر اس حوالے سے سوال اٹھایا،  قوانین کے مطابق صرف منیجرز کو ہی اس کی اجازت ہے، مگر میچ سے قبل بورڈ کی جانب سے فراہم کردہ ٹیم شیٹ میں بطور منیجر نوید رشید کا نام درج تھا، بعد میں کراچی کنگزنے وضاحت کر دی کہ طارق وصی منیجر کی حیثیت سے ہی ڈگ آؤٹ میں موجود تھے۔

نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ کی تحقیق کے مطابق پی ایس ایل 5میں ٹیم مالکان کو دوران میچ ڈگ آؤٹ میں بیٹھنے کی اجازت ہے، البتہ انھیں پیشگی آگاہ کرنے کے ساتھ ایک بار فیصلہ کرنے کے بعد تمام میچز میں وہیں رہنا ہوگا،کسی بھی ٹیم کا مالک اگر ڈگ آؤٹ میں بیٹھا تو اسے دوران میچ اسٹیڈیم کے کسی اور ایریا میں جانے کی اجازت نہیں ہے۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل کے ابتدائی تینوں ایڈیشنز میں ٹیم مالکان ڈگ آؤٹ میں نہیں بیٹھ  سکتے تھے، مگر گذشتہ سال یہ روایت توڑ دی گئی تھی، رواں برس بعض اونرز ڈگ آؤٹ میں موجود رہتے جبکہ دیگر اپنے باکسز میں موجودگی کو ترجیح دیتے ہیں، ان کا خیال ہے کہ ایک مخصوص ایریا میں محدود رہ کر انھیں اپنے مہمانوں  سے ملاقات کا موقع نہیں مل  پائے گا کیونکہ دوران میچ وہ پلیئرز و مینجمنٹ ایریا سے باہر نہیں جا سکتے۔

اپنا تبصرہ لکھیں