ٹورونٹو: ایک نئی تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ جب آپ ماسک پہنے ہوئے ہوں تو کسی دوسرے کو پہچاننے میں مزید دشواری ہوسکتی ہے، حتیٰ کہ جس شخص کو آپ دیکھ رہے ہوں وہ ماسک کے بغیر ہو۔
گزشتہ تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ جب چہرے جزوی طور پر ماسک سے ڈھکے ہوئے ہوتے ہیں، یعنی جس طریقے سے کورونا وباء کے دوران یہ ماسک پہننے جاتے تھے، تب بڑوں اور بچوں کو چہرے پہچاننے میں مشکل ہوتی ہے۔
یورک یونیورسٹی میں کی جانے والی تحقیق میں کیے جانے والے تجربات کے تواتر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ماسک پہنے ہوئے شخص کی چہرے کو پہنچانے کی صلاحیتیں کس طرح متاثر ہوتی ہیں چاہے جس شخص کو دیکھا جا رہا ہے وہ ماسک پہنا ہوا ہو کہ نہیں۔
لہٰذا اومیکرون کے نئے متغیرات کا پھیلاؤ شروع ہوتے ہی جب لوگ ماسک پہننا شروع ہوئے تو اس کے متعلق محققین نے کہا کہ ان لوگوں کو اپنے دوستوں اور ساتھ کام کرنے والوں کو پہچاننے میں مشکل ہونے پر شرمندہ نہیں ہونا چاہیئے۔
یورک یونیورسٹی کے اسسٹنٹ پروفیسر اور تحقیق کے شریک مصنف ایریز فرائڈ کا کہنا تھا کہ سائنس دان چاہتے تھے کہ ماسک پہننے کے چہرہ پہچاننے پر اثرات کی تحقیق کریں تاکہ یہ دیکھا جاسکے کہ ماسک پہننے والے کی دوسروں سے متعلق یہ صلاحیتیں کیسے تبدیل ہوتی ہیں۔
تحقیق میں چار مختلف تجربات کیے گئے جن میں 80 شرکاء کو ماسک پہنے اور بغیر پہنے افراد کی تصاویر دِکھائیں گئیں۔ تصویر دیکھتے وقت تحقیق کے کچھ شرکاء نے ماسک پہنے ہوئے تھے اور کچھ نے نہیں۔
ایریز فرائڈ نے کہا کہ اس کی ایک وجہ یہ ہوسکتی ہے کہ جب لوگ ماسک پہنتے ہیں تو وہ اکثر سوچتے ہیں کہ دوسرے لوگ ان کو نہیں پہچان سکتے۔ ماسک پہنے افراد شاید سوچتے ہیں کہ ان کے چہرے کم پہچان کے قابل ہیں جو چہرہ پہچاننے کی صلاحیتوں کو کم کرسکتی ہے۔