ماسکو طیارہ حادثے میں 41 افراد ہلاک ہوگئے


روسی دارالحکومت ماسکو  کے ائیرپورٹ پر طیارے کو پیش آنے والے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 41 ہوگئی جب کہ 11 مسافر شدید زخمی ہیں۔ 

روسی میڈیا کے مطابق ماسکو کے شیرمیٹیووا ہوائی اڈے پر مسافر طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے دوران آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا۔

حادثے میں عملے کے 5 ارکان اور 2 بچوں سمیت 41 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جب کہ 11 مسافر زخمی ہیں۔

روسی میڈیا نے بتایا کہ طیارے میں 78 مسافر سوار تھے جن میں سے 37 کو بچالیا گیا ہے۔

تحقیقاتی کمیٹی کے مطابق جہاز کے عملے نے ماسکو کے شیرمیٹیووا ہوائی اڈے سے شمال مغربی شہر مُرمنسک کیلئے روانگی کے تھوڑی ہی دیر بعد خطرے کے سگنلز جاری کیے تھے ۔

اس کے بعد روس کی سرکاری ایئرلائن ایرو فلوٹ کے مسافر طیارے ’سخوئی سپر جیٹ 100‘  نے دو بار ہنگامی لینڈنگ کی کوشش پہلی بار کوشش کے دوران طیارے کی رفتار بہت تیز تھی جس کے باعث لینڈنگ ممکن نہ ہوسکی،  دوسری بار کوشش کے دوران طیارے کا خودکار نظام ناکارہ ہوگیا اور اس میں آگ بھڑک اٹھی۔

دوسری جانب برطانوی خبررساں ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ طیارے پر آسمانی بجلی گری جس کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔

تاہم روس کے قومی ائیرلائن ایرو فلوٹ کا کہنا ہے کہ طیارے نے ’تکنیکی وجوہات‘ کی بناء پر ہنگامی لینڈنگ کی۔


اپنا تبصرہ لکھیں