مارک زکربرگ 6 گھنٹے میں بل گیٹس سے بھی زیادہ غریب ہوگئے


دنیا کی سب سے بڑی سوشل ویب سائٹ فیس بک اور اس کی ذیلی ایپس انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی 6 گھنٹے تک بندش کے بعد ان کے بانی مارک زکربرگ کی ذاتی دولت میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔

فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام کی سروسز 4 اور 5 اکتوبر کی درمیانی شب دنیا بھر میں بند ہوگئی تھی جو 6 گھنٹے بعد بحال ہوئی۔

فیس بک کے مطابق ان کے ٹریفک نیٹ ورک اور ڈیٹا سینٹر کے آلات میں خرابی کی وجہ سے ان کی سروس بند ہوگئی تھی، تاہم تصدیق کی کہ سروس کی بندش کے دوران صارفین کا ڈیٹا لیک نہیں ہوا۔

تینوں سوشل ایپس اور ویب سائٹس کی سروس بند ہونے کی وجہ سے جہاں ان کے شیئرز میں 5 فیصد کے قریب کمی دیکھی گئی، وہیں سب سے زیادہ فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کی ذاتی دولت میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔

امریکی اقتصادی اخبار’ بلوم برگ‘ کی رپورٹ کے مطابق فیس بک کی سابق خاتون ملازمہ فرانسس ہافن کے انکشافات اور واٹس ایپ، انسٹاگرام اور فیس بک کی سروس بند ہونے سے مارک زکربرگ کی دولت میں 6 ارب امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 10 کھرب روپے سے زائد کی کمی ہوئی۔

دولت میں نمایاں کمی ہونے کے بعد مارک زکربرگ دنیا کے تیسرے امیر ترین شخص سے نیچے آکر پانچویں امیر شخص بن گئے اور حیران کن طور پر وہ مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس اور فرانسسی کاروباری شخص برنارڈ ارنالٹ سے بھی زیادہ غریب ہوگئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مارک زکربرگ کی دولت میں کمی صرف فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام کی سروس بند ہونے کی وجہ سے نہیں ہوئی بلکہ سابق ملازمہ فرانسس ہافن کی جانب سے حال ہی میں کیے گئے انکشافات کی وجہ سے بھی انہیں پیسوں سے ہاتھ دھونا پڑا۔

فیس بک کی سابق ملازمہ نے حال ہی میں امریکی ٹی وی سی بی ایس کو دیے گئے انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ فیس بک کمائی کی خاطر پرتشدد، توہین آمیز مواد سمیت غلط معلومات کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔

خاتون کے بیان کے بعد ہی مارک زکربرگ کی کمائی کم ہونے لگی تھی کیوں کہ فیس بک کے شیئرز میں کمی دیکھی گئی تھی اور پھر 4 اور 5 اکتوبر کی درمیانی شب کو ان کی سروسز بند ہوگئیں، جس وجہ سے انہیں ڈھیر ساری دولت سے ہاتھ دھونا پڑا۔

فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام کی سروسز بند ہونے کی وجہ سے مارک زکربرگ کی ذاتی دولت میں فی گھنٹہ ایک ارب امریکی ڈالر یعنی پاکستانی ڈیڑھ کھرب روپے تک کی کمی دیکھی گئی۔

دولت میں 6 ارب ڈالر کی کمی کے بعد مارک زکربرگ ارب پتی افراد کی بلوم برگ کی فہرست میں پانچویں نمبر پر آگئے اور ان کی مجموعی دولت 122 ارب ڈالر ہوگئی۔

وہ فیس بک کے بانی ہیں اور واٹس ایپ سمیت انسٹاگرام بھی ان کی کمپنی کی ملکیت ہے، علاوہ ازیں وہ دیگر چند ایپس کے مالک بھی ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں