معروف ٹی وی میزبان ندا یاسر نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے کم از کم دو بار مارننگ شو کا سلسلہ برقرار رکھنے سے معذرت کرتے ہوئے ٹی وی چینل انتظامیہ کو استعفیٰ تک دیا لیکن انہیں واپس بلالیا گیا۔
ندا یاسر ’اے آر وائی‘ پر گڈ مارننگ پاکستان نامی مارننگ شو کرتی ہیں، وہ ڈیڑھ دہائی سے مارننگ شو کرتی آرہی ہیں، ان کے مارننگ شوز کے درجنوں کلپس وائرل ہو چکے ہیں، جن پر میزبان کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا جاتا رہا ہے۔
ندا یاسر کے مارننگ شو کو ملک کے سب سے معروف مارننگ شو کا اعزاز بھی حاصل ہے، جہاں شوبز شخصیات نہ صرف فلموں اور ڈراموں بلکہ اپنے برانڈز کی تشہیر کے لیے بھی آتی ہیں۔
حال ہی میں ندا یاسر نے شائستہ لودھی کو دیے گئے انٹرویو میں اپنے مارننگ شو کیریئر سمیت دیگر معاملات پر کھل کر باتیں کیں۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ متعدد مسائل کی وجہ سے ڈپریشن کا شکار رہی ہیں لیکن ان کی ڈپریشن کا واحد سبب مارننگ شو نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں اب ڈپریشن پر قابو پانے کے طریقے آگئے ہیں لیکن اس کے باوجود وہ مختلف معاملات کی وجہ سے پریشانی کا شکار ہوجاتی ہیں کیوں کہ بالآخر وہ ایک انسان ہیں۔
انہوں نے یہ اعتراف بھی کیا کہ ان سے مارننگ شو کے درمیان کئی غلطیاں ہوجاتی ہوں گی کیوں کہ وہ مسلسل ڈھائی گھنٹے کا براہ راست مارننگ شو کرتی ہیں جو ہفتے میں پانچ دن نشر ہوتا ہے۔
ندا یاسر کا کہنا تھا کہ جس طرح ہر انسان اپنی اصل زندگی میں بھی غلطیاں کرتا ہے اور کوئی انسان کبھی کبھار رشتے داروں یا دوستوں کی محفل میں بھی ایسی بات بول دیتا ہے جو اسے نہیں بولنی چاہیے تھی، اسی طرح وہ بھی مارننگ شو کے دوران کبھی کبھار ایسی باتیں کہہ جاتی ہوں گی۔
ایک سوال کے جواب میں ندا یاسر نے کہا کہ جب ٹی وی چینلز پر بہت سارے مارننگ شوز نشر ہوتے تھے تب ان پر تنقید نہیں ہوتی تھی لیکن جیسے ہی تمام شوز بند ہوگئے تو تنقید کی توپوں کا رخ ان کی جانب ہوگیا۔
صارفین کی جانب سے آنٹی کہنے پر غصہ آنے یا نہ آنے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر ندا یاسر کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ان کی عمر بڑھ رہی ہے لیکن وہ اپنی عمر سے مطمئن ہیں اور اسے انجوائے کر رہی ہیں۔
مارننگ شوز کے حوالے سے شوبز شخصیات کی سوچ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ بہت ساری شوبز شخصیات مارننگ شوز کو اچھا نہیں سمجھتیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ بہت ساری شخصیات ڈراموں کے شوٹنگ سیٹ پر ان کی برائیاں بھی کرتی ہیں لیکن حیران کن طور پر ان کی برائیاں کرنے والی شخصیات نے ہی ان کے چینل کو مارننگ شو کی میربانی کے لیے درخواستیں کیں۔
ندا یاسر نے یہ انکشاف بھی کیا کہ وہ دو بار مارننگ شو کرنے سے منع کر چکی ہیں اور انہوں نے استعفیٰ بھی دیا تھا لیکن چینل نے انہیں واپس بلایا اور انہیں جانے نہیں دیا۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے استعفیٰ دیے جانے کے بعد ہی ان شوبز شخصیات نے چینل سے مارننگ شو کی میزبانی کے لیے رجوع کیا جو شخصیات ان پر تنقید کرتی رہتی ہیں۔
ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ وہ ویسے بھی مارننگ شو شوبز شخصیات کے لیے نہیں بلکہ عام عوام اور خصوصی طور پر خواتین کے لیے کرتی ہیں، ان کے حوالے سے جسے جو کہنا ہے، کہتا رہے، انہیں کوئی فرق نہیں پڑنے والا۔
ندا یاسر نے یہ بھی واضح کیا کہ بعض لوگوں نے مارننگ شوز اور اس کے میزبانوں کے حوالے سے دل اور دماغ میں غلط تاثر بنا رکھا ہے، حقیقت میں ایسا نہیں ہوتا جیسا وہ لوگ سوچتے ہیں۔