لندن: انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے شکیب الحسن کی سزا کو ناکافی قرار دے دیا تاہم انھیں اس پر کچھ شائقین کی جانب سے تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا۔
مائیکل وان کا کہنا تھا کہ اس دور میں جب کھلاڑیوں کو اچھی طرح سمجھایا جارہا ہے کہ ان کیلیے کیا بہتر اور کیا بہتر نہیں ہے اور آپ کو مشکوک رابطے کی فوری رپورٹ کرنا ہے، میں سمجھتا ہوں کہ 2 برس کی پابندی کافی نہیں، اس کو مزید سخت ہونا چاہیے تھا۔ یاد رہے کہ شکیب پر عائد 2 برس کی پابندی میں سے ایک سال کی سزا پہلے ہی معطل ہے۔
دوسری جانب کچھ شائقین کا کہنا تھا کہ وان اس وقت کیوں کچھ نہ بولے جب بال ٹیمپرنگ میں رنگے ہاتھوں پکڑنے جانے کے باوجود اسمتھ اور وارنر پر صرف ایک برس کی پابندی عائد ہوئی تھی، شکیب نے کوئی چیٹنگ تو نہیں کی، صرف رپورٹ نہ کرنا ہی ان کی غلطی ہے۔