بھارتی اداکارہ جیسمین بھسین کی آنکھیں لینس پہننے سے زخمی ہوگئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ نے میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ 17 جولائی کو ہونے والی ایک تقریب میں جانے کیلئے آنکھوں میں نظر کے لینس پہنے جس کے بعد آنکھوں میں درد اور جلن کا احساس ہوا۔
اداکارہ نے بتایا کہ تقریب میں جانے کیلئے حامی بھری ہوئی تھی اس لیے وہاں جانا ضروری تھا، پوری تقریب میں دھوپ سے بچنے والے چشمے پہننے رکھے، تقریب کی انتظامیہ اس دوران میری مدد کرتی رہی کیونکہ ایک وقت ایسا آیا کہ مجھے نظر آنا بند ہوگیا تھا۔
انہوں نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ تقریب کے فوری بعد ڈاکٹر سے رجوع کرنے کیلئے اسپتال پہنچی، جہاں ڈاکٹر کی جانب سے بتایا گیا کہ میری آنکھ کا کورنیا (قدرتی لینس) متاثر ہوا ہے۔
ڈاکٹرز کی جانب سے اداکارہ کی دونوں آنکھوں پر پٹیاں باندھ دی گئی ہیں جبکہ اداکارہ کا علاج جاری ہے اور ڈاکٹرز کے مطابق اداکارہ کی آنکھوں کا زخم ٹھیک ہونے میں 4 سے 5 دن کا وقت درکار ہے۔