بھارت کے شہر ممبئی میں لڑکے نے اپنی 20 سالہ دوست کو بے دردی سے قتل کرنے کے بعد مقتولہ کی لاش جھاڑیوں میں پھینک دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے بتایا کہ ملزم نے مقتولہ کو قتل کرنے کے بعد لاش جھاڑیوں میں چھپا دی تھی جسے مقامی افراد کی نشاندہی پر برآمد کیا۔
ڈپٹی کمشنر پولیس وویک پنسارے نے بتایا کہ پولیس کو گزشتہ رات 2 بجے شہری کی جانب سے کال موصول ہوئی کہ ریلوے اسٹیشن کے قریب جھاڑیوں کے پاس لاش نظر آئی ہے۔
وویک پنسارے نے کہا کہ اطلاع ملنے پولیس فوری موقع پر پہنچی اور لاش کو قبضے میں لے کر اسپتال منتقل کیا، مقتولہ کی گردن پر زخم کے نشانات ہیں اور اسے متعدد بار تیز دھار آلہ گھونپا گیا۔
مقتولہ کی شناخت یششری شندے کے نام سے ہوئی جس کی عمر 20 سالہ ہے۔ مقتولہ یوران کی رہائشی تھی اور تقریباً 25 کلومیٹر دور بیلا پور میں کام کرتی تھی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ ملزم اور مقتولہ ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے اور ان کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہوا تھا۔
حکام نے بتایا کہ مقتولہ کے دوست کی تلاش کی جاری ہے جو اس کیس میں مرکزی کردار ہے، قتل کا مقدمہ درج کر کے پولیس کی پانچ ٹیمیں تشکیل دے دیں جو ملزم کو تلاش کریں گی۔