’لٹو‘نما بٹن کے ساتھ سوزوکی کا ایئر کنڈیشنڈ ماڈل ٹوئٹر پر مذاق بن گیا

’لٹو‘نما بٹن کے ساتھ سوزوکی کا ایئر کنڈیشنڈ ماڈل ٹوئٹر پر مذاق بن گیا


سوزوکی پاکستان کی جانب سے تقریباً تین دہائیاں پرانی ’سوزوکی بولان‘ کو ایئر کینڈیشنڈ (اے سی) کے ساتھ پیش کرنا مہنگا پڑ گیا اور لوگوں نے گاڑی کے نئے ماڈل پر طرح طرح کی میمز شیئر کر ڈالیں۔

کمپنی نے 1990 کی دہائی کے مقبول ماڈل ’سوزوکی بولان‘ کو حال ہی میں اے سی کی سہولت کے ساتھ پیش کیا اور اس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

’سوزوکی بولان‘ کے اے سی ماڈل کی وائرل ہونے والی تصاویر میں گاڑی میں اے سی کے بٹن واشنگ مشین کے بٹنوں کی طرح ’لٹو‘ نما گول دیکھے جا سکتے ہیں۔

اگرچہ ’سوزوکی بولان‘ کے اے سی ماڈل کے ڈیزائن کو بھی ماضی جیسا ہی رکھا گیا ہے مگر اس کے اندر لگائے گئے ایئر کنڈیشنڈ کے بٹنز پر لوگوں نے سب سے زیادہ کمپنی کا مذاق اڑایا۔

لوگوں نے گاڑی میں ’لٹو‘ نما اے سی بٹن لگانے پر میمز شیئر کرتے ہوئے کمپنی پر طنز کیا کہ وہ اپنے ٹیکنالوجی کی رفتار کو تھوڑا کم کرے، ورنہ امریکا اور چین پیچھے رہ جائیں گے۔

بعض لوگوں نے کمپنی کو یاد دلایا کہ اب تو واشنگ مشین میں بھی ’لٹو‘ نما بٹن نہیں لگائے جاتے، وہاں بھی ٹچ اسکرین اور کمپیوٹرائزڈ کی بورڈ نصب کیا جا رہا ہے، آپ تو ابھی بھی گاڑی میں ’لٹو‘ لگائے جا رہے ہو۔

کچھ لوگوں نے کمپنی کی رفتار پر طنزیہ ٹوئٹس کیں کہ ’سوزوکی بولان‘ نے 2022 میں نئی منزلیں طے کرلیں، جب دنیا الیکٹرانک اور اسمارٹ گاڑیوں کے دور میں داخل ہو رہی ہے تو ہماری کمپنی نے گاڑی میں ’لٹو‘ نما بٹن لگا کر نیا اعزاز حاصل کیا ہے۔

بعض افراد نے لکھا کہ ہماری ترقی کی رفتار کو دیکھ کر تو دنیا ہماری دشمن بن جائے گی اور کسی نے لکھا کہ ایسا لگ رہا ہے کہ ہم ابھی تک 1975 میں زندگی گزار رہے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں