ایک طویل تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ ’لو کاربو ہائیڈریٹ‘ پر مشتمل غذائیں کھانے سے ذیابیطس ٹائپ ٹو کو ختم کیا جا سکتا ہے۔
’لو کاربو ہائیڈریٹ‘ ایسی غذاؤں کو کہا جاتا ہے، جن میں شگر یعنی مٹھاس، چکنائی اور نشاستے وغیرہ کا استعمال انتہائی کم ہوتا ہے۔
’لو کاربو ہائیڈریٹ‘ غذائیں عام طور پر ہری سبزیوں، پھلوں، خشک میوہ جات وغیرہ پر مشتمل ہوتی ہیں اور ایسی غذاؤں کو وزن کم کرنے کے لیے بھی مفید سمجھا جاتا ہے۔
تاہم ساتھ ہی ایسی غذاؤں کے کچھ منفی نتائج بھی ہوتے ہیں، کیوں کہ ایسی غذاؤں میں پروٹین کی کمی ہوتی ہے، اس لیے اپنی مرضی سے ایسی غذائیں استعمال کرنے والے افراد میں کمزوری دیگر مسائل بھی ہوسکتے ہیں۔
طبی جریدے ’بی ایم جے‘ ’لو کاربو ہائیڈریٹ‘ غذاؤں کے ذیابیطس پر اثرات کے لیے برطانوی ماہرین نے 2013 سے 2021 تک 9 ہزار 800 افراد پر تحقیق کی اور انہوں نے تحقیق کے دوران 186 ایسے رضاکار بھی شامل کیے، جنہیں ذیابیطس ٹائپ ٹو تھی۔
یعنی مذکورہ 186 رضاکار ذیابیطس کے مریض تھے اور ماہرین نے انہیں ’لو کاربو ہائیڈریٹ‘ غذائیں استعمال کرنے کی ہدایت کی اور ہر تین ماہ بعد ان کا فالو اپ چیک اپ کیا گیا۔
تحقیق کے دوران معلوم ہوا کہ ’لو کاربو ہائیڈریٹ‘ غذائیں کھانے سے جہاں وزن میں نمایاں کمی ہوئی، وہیں ایسی غذائیں استعمال کرنے والے افراد میں دل اور جگر کے امراض میں مبتلا ہونے کے امکانات بھی کم ہوگئے۔
ماہرین نے ذیابیطس اور ’لو کاربو ہائیڈریٹ‘ کے تعلق پر خصوصی توجہ دی اور معلوم ہوا کہ سب سے زیادہ فائدہ ذیابطیس کے مریضوں کو ہوا۔
تحقیق سے معلوم ہوا کہ جن ذیابیطس کے مریضوں نے ’لو کاربو ہائیڈریٹ‘ غذاؤں کا مکمل استعمال کیا، ان کے وزن میں نمایاں کمی ہوئی اور محض ایک سال میں ان کا مرض بھی غائب ہوگیا۔
ماہرین کے مطابق ایک سال تک ’لو کاربو ہائیڈریٹ‘ غذائیں کھانے والے 97 فیصد افراد میں ذیابیطس کی علامات ختم ہوگئیں۔
ماہرین نے بتایا کہ ’لو کاربو ہائیڈریٹ‘ غذائیں استعمال کرنے والے ذیابیطس کے مریضوں کے وزن میں اوسطا 10 کلو وزن کی کمی ہوئی، جس سے ان کے خون میں شگر لیول نارمل سطح پر آگیا اور ان کی بیماری غائب ہوگئی۔
یوں مجموعی طور پر 9 ہزار 800 رضاکاروں کے نتائج سے معلوم ہوا کہ ’لو کاربو ہائیڈریٹ‘ غذاؤں کے ایک سال کے استعمال سے ذیابیطس کو انتہائی کم کیا جا سکتا ہے۔
کچھ ’لو کاربو ہائیڈریٹ‘ غذاؤں کی فہرست
پتوں پر مشتمل ہری سبزیاں، گوبی، بینگن، ٹماٹر، پیاز
مچھلی، انڈے، گردی دار میوے، خشک میوہ جات سے بنا مکھن
ناریل، زیتون اور سرسوں کا تیل
سیب، بلیو بیری، اسٹرابیری، گریپ فروٹ، لیموں، کینوں