لوگ اردو سے اپنا ناطہ نہ توڑیں اور نامور شعرا کی کتب پڑھیں، علی ظفر


کراچی: گلوکار و اداکار علی ظفر کا کہنا ہے کہ اردو زبان سے اپنا تعلق کبھی نہ چھوڑیں اور مشہور شعرا کی کتابیں پڑھنے کی عادت اپنائیں۔

گلوکار علی ظفر نے ٹویٹر پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی جس کی ابتداء میں انہوں نے انگریزی زبان میں اپنا تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ آج کل ہم ایک دوسرے سے رابطہ واٹس ایپ، فیس بک، انسٹا گرام  اور ٹویٹر کے ذریعے کرتے ہیں اور ظاہر ہے ہم سب کو انگریز بننے کا بھی شوق ہے اس لیے انگریزی زبان کا استعمال کرتے ہوئے بات چیت کرتے ہیں۔

علی ظفر نے یہ بھی کہا کہ ایک دور ایسا بھی تھا جب اردو زبان میں خط و خطابت ہوا کرتی تھی، یہاں تک کہ شاعری ہوا کرتی تھی اور اردو لٹریچر کا رجحان زیادہ تھا، ماضی کے بہت سے زبردست ڈرامے بھی خالص اردو زبان میں دکھائے جاتے تھے۔

گلوکار نے نوجوان نسل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اپنی زبان سے اپنا تعلق کبھی مت چھوڑیں، اردو لٹریچر کو پڑھنے کی عادت بنائیں، علامہ اقبال، فیض احمد فیض، مرزا غالب اور جون ایلیا جیسے نامور شعرا کی کتابیں پڑھنے کی کوشش کریں تو کئی منزلیں نظر آئیں گی اور راستے کھلیں گے یہاں تک کہ کئی صبحیں اجاگر ہوں گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ مجھے بھی اُردو شاعری کا شوق ہے اس لیے میں نے ایک نظم بھی لکھی ہے ’سکون‘ کے عنوان سے جوکہ موجودہ تناظر کو دیکھتے ہوئے بنائی ہے جوبہت جلد یوٹیوب چینل پر جاری کردی جائے گی۔


اپنا تبصرہ لکھیں