غذائی ماہرین کے مطابق لونگ مینگنیز کا ایک بھرپور ذریعہ ہے، جو کیلشیم اور فاسفورس کے ساتھ ساتھ دماغ کے بہترین افعال اور ہڈیوں کو مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم ترین معدنیات ہے۔
روزانہ کی بنیاد پر لونگ کے استعمال سے مجموعی صحت پر بے شمار فوائد مرتب ہوتے ہیں جن میں سے چند درج ذیل ہیں۔
پھیپھڑوں کی صحت کے لیے مفید:
لونگ کا ایک دانہ نمک کے ساتھ چبایا جائے تو بلغم کے اخراج میں آسانی ہوتی ہے، گلے کی خراش کم اور کھانسی، حلق کی سوزش ختم ہوتی ہے۔
لونگ دمے کا بھی مؤثر علاج ہے، 6 عدد لونگ 30 ملی لیٹر پانی میں ڈال کر ابالنے سے جوشاندہ تیار ہو جائے گا، اس میں ایک چمچہ شہد ڈال کر چائے کا ایک چمچہ جوشاندہ روزانہ تین بار پینے سے بلغم کا اخراج تیز ہو جاتا ہے اور دمے سے افاقہ ہوتا ہے۔
ہڈیوں اور جوڑوں کی صحت کے لیے مفید
لونگ میں ہائیڈرو الکوحل مرکبات جیسے ’یوجینول‘ اور ’فلیوینائڈز‘ موجود ہوتے ہیں جو ہڈیوں کی مضبوطی اور ہڈیوں میں معدنی مواد کو بڑھانے میں مدد کرتے ہیں، کمزور ہڈیوں اور آسٹیوپوروسس والے افراد کو باقاعدگی سے لونگ کھانے سے فائدہ ہوتا ہے۔
قوتِ مدافعت مضبوط کرتی ہے
لونگ نقصان دہ بیکٹیریاز، فنگس اور وائرس کے خلاف لڑنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے، لونگ کی اینٹی وائرل اور خون صاف کرنے کی صلاحیت خون کو صاف کرتی ہے اور سفید خون کے خلیوں کو متحرک کرکے بیماریوں کے خلاف مزاحمت میں اضافہ کرتی ہے۔
سوزش کو کم کرتی ہے
لونگ میں موجود جز ’یوجینول‘ مضبوط اینٹی سوزش کی خصوصیات رکھتا ہے اور جسم میں درد کے رسیپٹرز کو متحرک کرکے درد کو کم کرنے میں مدد کرتا ہے، لونگ کا تیل یا عرق جوڑوں کے درد، سوزش اور عام طور پر کسی بھی درد سے آرام فراہم کرتا ہے۔
کینسر کے خلیوں کے خلاف مزاحمت پیدا کرتی ہے
لونگ معدے کو السر سے بچانے میں مدد دیتی ہے، زیادہ تر السر جسم میں موجود میوکس کی تہوں کے پتلے ہونے کی وجہ سے ہوتے ہیں جو آپ کے پیٹ کی پرت کی حفاظت کرتے ہیں۔
ابتدائی مطالعات سے پتہ چلتا ہے کہ لونگ اس میوکس کو گاڑھا کر سکتی ہے، آپ کے السر ہونے کے خطرے کو کم کرتی ہے اور موجودہ السر کو ٹھیک ہونے میں مدد دیتی ہے۔
تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ لونگ میں پائے جانے والے مرکبات کینسر سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں، لونگ میں پائے جانے والے ’یوجینول‘ کے سبب کینسر مخالف خصوصیات بھی پائی جاتی ہیں۔
لونگ پھیپھڑوں کے کینسر، چھاتی کے کینسر اور رحم کے کینسر کو ابتدائی مراحل میں ہی کنٹرول کرنے میں مدد کرتی ہے۔
ہاضمے کو بہتر بناتی ہے
لونگ جسم میں موجود انزائمز کو متحرک کرکے ہاضمے کو بہتر بناتی ہے اور ہاضمے کی حرکت کو بڑھاتی ہے، پیٹ پھولنا، معدے کی بے چینی، بدہضمی اور متلی کو کم کرنے کے لیے لونگ کا استعمال بہترین ثابت ہوتا ہے۔
جِلد کی خوبصورتی بڑھاتی ہے
ماہرین غذائیت کے مطابق لونگ کے استعمال سے جِلد کی صحت میں بھی اضافہ ہوتا ہے کیونکہ اس میں موجود سوزش کو کم کرنے والی خصوصیات سوجی ہوئی جِلد یا دانوں کے سبب سُرخ جِلد کو پرسکون بناتی ہیں اور سوزش ختم کرتی ہے۔
لونگ کے استعمال سے جِلد کو بیکٹیریا کی وجہ سے نقصان بھی نہیں پہنچتا۔
جگر کی صحت میں بہتری
طبی ماہرین کے مطابق لونگ میں ایسا بے رنگ اور خوشبو دار مرکب پایا جاتا ہے جو جگر کی صحت کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے، لونگ میں پائے جانے والے اینٹی آکسیڈنٹس جسم کو آکسی ڈیٹو دباؤ سے بچاتے ہیں اور اگر جسم کو پہلے سے آکسی ڈیٹو دباؤ کا سامنا ہو تو اس میں کمی لاتے ہیں جس سے جگر کے مسائل سے بچاؤ میں مدد ملتی ہے اور جگر کی صحت میں بھی بہتری آتی ہے۔
بلڈ شوگر لیول کو متوازن بناتی ہے
لونگ کو شوگر کے مریضوں کے لیے بہترین علاج قرار دیا جاتا ہے۔
انسولین ایک ہارمون ہے جو آپ کے خون سے شوگر کو آپ کے خلیات تک پہنچانے کا ذمہ دار ہے، خون میں شوگر کی سطح کو مستحکم رکھنے کے لیے انسولین کا صحیح کام کرنا ضروری ہے۔
تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ لونگ انسولین کی حساسیت کو بہتر بناتی ہے اور انسولین کو مؤثر کام کرنے میں مدد دیتی ہے۔
لونگ میں پائے جانے والے ’نائجیریسن‘ مرکبات خون سے خلیوں میں شوگر کے اخراج کو بڑھانے، انسولین کے اخراج کو بڑھانے اور انسولین پیدا کرنے والے خلیات کے کام کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
متوازن غذا کے ساتھ لونگ کا استعمال خون میں شوگر کی سطح کو متوازن رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔