لورالائی: سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی ایف سی ٹریننگ سنٹر لورالائی کے رہائشی اور انتظامی کمپاونڈ پر حملے کی کوشش ناکام بنا کر چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع لورالائی میں دہشت گردوں نے ایف سی ٹریننگ سینٹر میں رہائشی اور انتظامی کمپاؤنڈ پر حملے کی کوشش کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کو داخلی چیک پوائنٹ پر ہی روک لیا گیا اور اس ناکامی پر دہشت گرد فائرنگ کرتے ہوئے چیک پوسٹ سے ملحقہ کمپائنڈ میں داخل ہوگئے جس کا سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر محاصرہ کر لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی نے دہشت گردوں کو رہائشی علاقے میں داخل ہونے سے روکا جس سے مزید جانی نقصان نہیں ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس دوران سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 4 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا جس میں کلیئرنس آپریشن کے دوران خود کو اڑانے والا ایک خودکش بمبار بھی شامل ہے۔
فوج کے ترجمان ادارے کا کہنا ہے کہ چیک پوسٹ پر دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں چار اہلکاروں صوبیدار میجر منور، حوالدار اقبال خان، حوالدار بلال اور سپاہی نقشب نے جام شہادت نوش کیا جب کہ دو اہلکار زخمی ہوئے۔