کولمبو:
لنکا پریمیئر لیگ کو پاکستانی پلیئرز بھی چارچاند لگانے کو تیار ہیں، محمد حفیظ سمیت متعدد نے سری لنکن ایونٹ میں دلچسپی ظاہر کردی،فری لانس کرکٹرز کو ترجیح دی جائے گی، اسٹار کھلاڑیوں کو 2 ستمبر کے بعد عدم دستیابی کی وجہ سے زیرغور نہ لائے جانے کا امکان ہے،مجموعی طور پر 93 انٹرنیشنل کرکٹرز نے دستیابی ظاہر کی ہے۔تفصیلات کے مطابق رواں ماہ کے آخر میں شیڈول لنکا پریمیئر لیگ میں دنیا بھر کے کرکٹرز نے دلچسپی ظاہر کی ہے،ان میں آل راؤنڈر محمد حفیظ سمیت پاکستانی کھلاڑی بھی شامل ہیں، البتہ قومی ٹیم کے ساتھ انگلینڈ میں مصروف ہونے کی وجہ سے اسٹارز2 ستمبر کے بعد ہی دستیاب ہوں گے،اس وجہ سے انھیں زیر غور لائے جانے کا امکان کم ہے،ایونٹ میں پاکستان کے فری لانس کرکٹرز حصہ لے سکتے ہیں۔
ایونٹ 28 اگست سے 20 ستمبر تک 5 ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا،مجموعی طور پر 93 انٹرنیشنل کھلاڑیوں نے دستیابی ظاہر کی تاہم ان میں سے صرف 30 کو ہی منتخب کیا جائے گا،ٹاپ کیٹیگری پلیئرز کو 40 سے 50 ہزار ڈالر تک معاوضہ ملے گا، سری لنکا کرکٹ بورڈ ذرائع کے مطابق موجودہ تمام بنگلہ دیشی کھلاڑی ایل پی ایل میں دلچسپی ظاہر کرچکے،اسی طرح افغانستان کے اصغر افغان، نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل، ٹم ساؤدی، ایڈم ملن، زمبابوین سکندر رضا اور گریم کریمر، جنوبی افریقی ورنون فلینڈراور ٹیمبا باووما بھی دستیابی ظاہر کرنے والوں میں شامل ہیں، حسب توقع بھارت سے کسی بھی کرکٹر نے دلچسپی ظاہر نہیں کی۔
دریں اثنا ٹیموں کی کوچنگ کیلیے ڈیو واٹمور، جان بکانن، گراہم فورڈ، لانس کلوسنر، جے پال ڈومینی اور جان لیوس کے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے، واٹمور، فورڈ اور لیوس کو سری لنکن کرکٹرز کے ساتھ کوچنگ کا تجربہ بھی ہے، اس لیے ان کی خدمات حاصل کیے جانے کا زیادہ امکان ہوگا۔