لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر نائب صدر شیر افضل مروت کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کردیا گیا۔
پی ٹی آئی کی کارکنوں نے جیل کے باہر شیر افضل مروت کا استقبال کیا۔
جیل سے رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے عزم کا اظہار کیا کہ پارٹی جہاں کہے گی جلسے کے لیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ شیر افضل مروت تھری ایم پی او کے تحت کوٹ لکھپت جیل میں نظر بند تھے۔
انہیں 14 دسمبر کو لاہور پولیس نے ہائی کورٹ کے باہر سے گرفتار کیا تھا۔
شیر افضل مروت کی نظر بندی کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا، درخواست میں ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) اور انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔
درخواست کے مطابق شیر افضل مروت لاہور ہائی کورٹ بار میں خطاب کر کے واپس روانہ ہوئے تو انہیں گرفتار کر لیا گیا، درخواست میں کہا گیا تھا کہ شیر افضل مروت کی نظر بندی غیر قانونی و غیر آئینی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ عدالت شیر افضل مروت کی نظر بندی کو کالعدم قرار دے کر ان کی رہائی کا حکم دے۔
ہائی کورٹ نے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کے بعد شیر افضل مروت کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔