لاہورہائیکورٹ نے پی ایس ایل میچز کے دوران شہر میں ٹریفک جام کا نوٹس لے لیا۔
عدالت عالیہ نے میچز کے دوران ایف سی کالج میں تعطیل اور 13مارچ کو بھی میچز کی وجہ سے تعلیمی اداروں میں چھٹی دینے پر نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری ایجوکیشن سے وضاحت طلب کرلی۔
تعلیمی اداروں پر تعطیل کا بھی نوٹس
جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ بتایاجائے ایف سی کالج میں چھٹی کب اورکس بنیاد پردی گئی؟ علم میں آیاہےکہ میچ کی وجہ سے ایف سی کالج میں چھٹی دیدی گئی ہے، میچز کی وجہ سےچھٹی دینا، یہ انتہائی خطرناک صورتحال ہے، یعنی کرکٹ میچ نے تعلیم کو آؤٹ کردیا ہے۔
پی سی بی اور ٹریفک حکام سے ٹریفک پلان طلب
عدالت نے میچز کے دوران شہر میں ٹریفک جام پر لاء افسر کو 13 مارچ کو پی سی بی اور متعلقہ حکام سے ہدایات لےکر پیش ہونے کا حکم دیاہے۔
جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ واضح پلان کے ساتھ نہ آئے تو پی ایس ایل پر حکم امتناعی جاری کریں گے۔
ہزاروں شہری میچز کے دوران ٹریفک جام کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہوتے ہیں:
لاہور ہائیکورٹ
عدالت نے پاکستان کرکٹ بورڈ اور چیف ٹریفک آفیسر کو آئندہ سماعت پر ٹریفک پلان بھی پیش کرنے کا حکم دیا اور جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ لاہور میں گھنٹوں ٹریفک جام رہنے سے ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہورہا ہے، میں خود 3 بار ٹریفک میں پھنسا ہوں، ہزاروں شہری میچز کے دوران ٹریفک جام کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہوتے ہیں، کرکٹ میچزکی وجہ سے سارا لاہور بند ہوجاتا ہے اور آلودگی بڑھ جاتی ہے۔
جسٹس شاہد کریم نے مزید کہاکہ حکومت کو خیال ہی نہیں کہ کروڑوں روپےکا نقصان ہورہا ہے، جنریٹرز چلاکرکروڑوں کاریونیو استعمال کیا جاتا ہے، میچزکرانےکا یہ مطلب نہیں کہ ماحولیاتی آلودگی کونہ دیکھا جائے۔