لاہور: گھر میں گھس کر اہل خانہ کو یرغمال بنانے والے 6 ڈاکو پولیس مقابلے میں ہلاک

لاہور: گھر میں گھس کر اہل خانہ کو یرغمال بنانے والے 6 ڈاکو پولیس مقابلے میں ہلاک


لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن میں گزشتہ روز ایک گھر میں گھس کر اہل خانہ کو یرغمال بنانے والے 6 مبینہ ڈاکوؤں کو پولیس نے ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ اقبال ٹاؤن میں ڈاکٹر عباد کے گھر میں 6 ڈاکو گھس آئے تھے اور اہل خانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا لیا تھا اور گھر سے نقدی، زیورات اور دیگر قیمتی سامان اکٹھا کر رہے تھے۔

تاہم ڈاکٹر عباد کی ایک بیٹی اوپر والی منزل پر موجود تھی، اس نے پولیس ہیلپ لائن پر کال کر کے انہیں صورتحال سے آگاہ کیا، اس کی کال پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور گھر کو گھیرے میں لے لیا۔

پولیس نے بتایا کہ ڈاکوؤں نے پولیس کو دیکھ کر فائرنگ کی اور فرار ہونے کی کوشش کی لیکن پولیس اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی اور ان سب کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

پولیس نے دعویٰ کیا کہ ڈاکوؤں کے قبضے سے 4 پستول، ایک رائفل، ایک شاٹ گن اور لوٹا ہوا سامان برآمد ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عباد کے اہل خانہ کو بغیر کسی نقصان کے ریسکیو کرلیا گیا تھا لیکن وہ اس واقعے کے سبب صدمے کا شکار ہیں، پولیس نے گھر کے مالک کی بیٹی کی بہادری اور بروقت پولیس کو کال کرکے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرنے پر تعریف کی۔

ڈاکوؤں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔

کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (سی آئی اے) کے سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) فرقان بلال نے بتایا کہ ڈاکو عمارت کو رنگنے کے بہانے رنگ سازوں کے بھیس میں گھر آئے تھے۔

گھر کے مالک نے پولیس کو بتایا کہ گھر کی ایک چھوٹی بچی نے دروازہ کھولا اور انہیں اندر آنے دیا، جیسے ہی وہ گھر کے احاطے میں داخل ہوئے، انہوں نے گھر کے تمام افراد کو بندوق کی نوک پر یرغمال بنا لیا اور ان سے نقدی اور دیگر قیمتی سامان ان کے حوالے کرنے کو کہا۔

انہوں نے بتایا کہ جب گھر والوں نے ڈاکوؤں کے خلاف مزاحمت کی تو گھر کے مالک کی بیٹیوں میں سے ایک نے صورتحال کو دیکھتے ہوئے پولیس کو آگاہ کیا جو اوپر والی منزل پر موجود تھی۔

ایس پی نے بتایا کہ کال موصول ہونے پر پولیس اور سی آئی اے کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، گھر کو گھیرے میں لے کر اعلانات کیے، ڈاکوؤں کو ہتھیار ڈالنے کا کہا، تاہم ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ کی، جوابی کارروائی میں تمام 6 ڈاکو موقع پر ہی مارے گئے۔

ابتدائی تحقیقات کا حوالہ دیتے ہوئے ایس پی نے بتایا کہ ملزمان میں سے 5 کا تعلق ضلع وہاڑی سے ہے اور چھٹے کا تعلق خانیوال سے ہے، ملزمان صوبے کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔

دریں اثنا انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) ڈاکٹر عثمان انور نے ڈاکوؤں کے خلاف کامیاب آپریشن کرنے پر سی آئی اے پولیس اور آپریشنز ونگ کی ٹیموں کو سراہا۔

انہوں نے 15 ہیلپ لائن پر کی جانے والی کال کا فوری جواب دینے اور سی آئی اے اور آپریشن ونگز کی جانب سے ڈاکوؤں سے نمٹنے کے لیے بہترین کوآرڈینیشن اور ٹیم ورک کی تعریف کی۔

آئی جی نے کہا کہ ڈاکوؤں کی شدید فائرنگ کے باوجود پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کی اور تمام ڈاکوؤں کو ہلاک کر دیا۔


اپنا تبصرہ لکھیں