لاہور: ڈی آئی جی پولیس پر چاقو سے حملہ کرنے والے کانسٹیبل کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس لائنز میں کانسٹیبل نے گزشتہ شب ڈی آئی جی کو چاقو سے حملہ کر کے زخمی کر دیا تھا۔
پولیس نے ڈی آئی جی شہزاد صدیقی کی مدعیت میں درج کر لیا تھا، مقدمہ اقدام قتل کی دفعات کے تحت درج کیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ڈی آئی جی شہزاد صدیقی پر چھری سے حملہ کرنے والے اہلکار محمد رفیق کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
ڈی آئی کی طرف سے کانسٹیبل پر ڈانٹ کا تاثر درست نہیں
ترجمان لاہور پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ڈی آئی جی کی طرف سے کانسٹیبل رفیق پر ڈانٹ ڈپٹ کا تاثر درست نہیں ہے کیونکہ کانسٹیبل رفیق کبھی ڈی آئی جی شہزاد کے ساتھ تعینات نہیں رہا۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ کانسٹیبل رفیق کی پوسٹنگ حال ہی میں انویسٹی گیشن ونگ سے پولیس لائنز میں ہوئی تھی، رفیق مرگی کے مرض میں مبتلا ہے اور اپنا علاج کرا رہا ہے۔
ترجمان پولیس کے مطابق کانسٹیبل رفیق اپنی بیماری کی وجہ سے اکثر ڈیوٹی سے غیر حاضر رہتا رہا ہے، پولیس لائنز میں دوران پوسٹنگ بھی کانسٹیبل رفیق اپنا علاج کرا رہا تھا۔