لاہور میں شدید بارش کے باعث گودام کی چھت گرنے سے 4 مزدور جاں بحق ہو گئے۔
آج صبح لاہور کے مختلف علاقوں ڈیفنس، کینٹ، کینال روڈ اور ڈیوس روڈ پر بادل برسے، مال روڈ، لکشمی چوک، ایبٹ روڈ اور دیگر علاقوں میں بھی بارش، ہوئی۔
بارش کے باعث افضال کالونی بند روڈ پرگودام کی چھت گر گئی جب کہ لارنس روڈ پر واقع زیر زمین واٹر ٹینک میں پانی جمع کرنے کا سلسلہ جاری، 14 لاکھ گیلن پانی کی گنجائش والا زیر زمین ٹینک بھرنے کے قریب پہنچ گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق لاہور میں شدید بارش کے باعث افضال کالونی بند روڈ پر گودام کی چھت بارش کا پانی جمع ہونے سے گر گئی، حادثے میں 4 مزدور جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو کے مطابق جاں بحق افراد میں سے تین کی شناخت عظمت، خلیل اور آصف کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملبے تلے دبے افراد کی لاشوں کو نکال لیا گیا ہے جب کہ گودام کا ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔
ریسکیو حکام کا بتانا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق بونیر اور مانسہرہ سے ہے، لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔