لاہور میں بزرگ خاتون کیساتھ رہزنی کی خوفناک واردات، ویڈیو بھی سامنے آ گئی


لاہور میں بزرگ خاتون کے ساتھ رہزنی کی خوفناک واردات کی سی سی ٹی وی بھی منظر عام پر آ گئی۔

جیو نیوز کو موصول ڈکیتی کی سی سی ٹی وی کے مطابق راہزنی کی خوفناک واردات لاہور کے علاقے نواں کوٹ کی آبادی خلیل پارک ڈھولن وال میں پیش آئی۔

کار سوار بزرگ خاتون اپنی بیٹی کے ہمراہ فوتگی پر افسوس کرنے گئی تھی کہ ڈاکوؤں نے انہیں لوٹ لیا۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل سوار دو ڈاکو پہلے گلی میں ریکی کرتے ہیں اور جیسے ہی کار رُکتی ہے دونوں نقاب پوش ان پر اسلحہ تان لیتے ہیں۔

ڈاکوؤں نے بزرگ خاتون کے طلائی زیورات اتارنے کے لیے بری طرح چھینا جھپٹی کی، پہلے زور لگا کر بازوؤں سے کڑے اتارے، پھر بالیاں اتارنے کے بجائے نوچ لیں۔

اس صورتحال سے خوفزدہ خاتون کی بیٹی اپنی والدہ کے کڑے اتارنے میں مدد کرتی رہی۔ سی سی ٹی وی کے مطابق ڈاکو 3 منٹ تک واردات کرتے رہے اور باآسانی فرار ہو گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ درخواست موصول ہو گئی ہے، تحقیقات جاری ہیں، جلد ڈاکوؤں کو ٹریس کر لیا جائے گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں