لاہور قلندرز کے فاسٹ بولر حارث رؤف آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں جلوہ گر ہوں گے۔
آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ کا آغاز ہو چکا ہے اور اب اس میں لاہور قلندرز کے پلئیرز ڈویلپمنٹ پروگرام سے شناخت بنانے والے فاسٹ بولر حارث رؤف بھی ایکشن میں ہوں گے۔
نوجوان فاسٹ بولر حارث رؤف کا میلبرن اسٹارز کے ساتھ معاہدہ ہو گیا، حارث رؤف کو جنوبی افریقا کے فاسٹ بولر ڈیل اسٹین کی جگہ غیر ملکی متبادل کھلاڑی کے طور پر شامل کیا گیا ہے جو فٹنس مسائل سے دوچار ہیں۔
میلبرن اسٹارز جمعہ کو بی بی ایل میں برسبین ہیٹ کے خلاف پہلا میچ کھیلے گی۔
میلبرن اسٹارز نے 13 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے اور اس میں حارث رؤف کا نام بھی شامل ہے۔
میلبرن اسٹارز کی قیادت گلین میکسویل کر رہے ہیں جب کہ دیگر اہم کھلاڑیوں میں ہلٹن کارٹ رائٹ، نیتھن کولٹر نائل، پیٹر ہینڈز کومب، مارکوس اسٹوئنس اور ایڈم زمپا بھی شامل ہیں۔
حارث رؤف نے پی ایس ایل فور میں لاہور قلندرز کی جانب سے ڈیبیو کیا اور ان کی پہچان مسلسل تیز رفتاری کے ساتھ بولنگ کرانا ہے۔
اس سے قبل وہ پلئیرز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت آسٹریلیا کا دورہ بھی کر چکے ہیں، انہیں آسٹریلیا میں گریڈ کرکٹ کھیلنے کا بھی موقع ملا۔
اس سیزن میں وہ فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے میں بھی کامیاب ہو ئے۔
پاکستان ٹیم کی جانب سے انہیں اب تک موقع نہیں ملا لیکن اس سے قبل ہی آسٹریلیا میں ان کی صلاحیتیوں کا اعتراف کیا گیا ہے اور بی بی ایل کی ایک اہم ٹیم میلبرن اسٹارز کا حصہ بننے میں کامیاب ہو گئے ہیں جو کہ حارث رؤف کی غیر معمولی صلاحیتیوں کا ثبوت ہے۔
حارث رؤف ٹیپ بال کرکٹ کھیلا کرتا تھے اور پھر انہیں پلئیرز ڈویلپمنٹ پروگرام سے اپنی شناخت بنانے کا موقع ملا۔
حارث رؤف کا تعلق راولپنڈی سے ہے لیکن دو برس پہلے وہ پی ڈی پی کے گوجرانوالا میں ہونے والے ٹرائلز سے منتخب ہوئے۔
لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز عاقب جاوید نے ان کے اندر چھپی صلاحیتیوں کو پہچانا اور لاہور قلندرز کی انتظامیہ نے ان کے ساتھمعاہدہ کر لیا۔
سی ای او عاطف رانا اور سی او او ثمین رانا نے حارث رؤف کی صلاحیتیوں کو نکھارنے کے لیے ہر ممکن پلیٹ فارم مہیا کیا اور اب یہ نوجوان دنیا میں اپنی شناخت بنانے میں کامیاب ہو گیا ہے۔
لاہور قلندرز کی انتطامیہ کا کہنا ہے کہ پلئیرز ڈویلپمنٹ پروگرام شروع ہی اس لیے کیا گیا تھا کہ ٹیلنٹ کو سامنے لایا جائے اور اسے نکھارا جائے، یہ قلندرز فیملی کے لیے ایک قابل فخر لمحہ ہے کہ دنیا میں لاہور قلندرز کے سامنے لانے والے ٹیلنٹ کو سراہا جا رہا ہے۔