لاہور: فائرنگ کرکے سابق اہلیہ سمیت 4 سسرالیوں کو قتل کرنے والے ملزم کے خلاف مقدمہ

لاہور: فائرنگ کرکے سابق اہلیہ سمیت 4 سسرالیوں کو قتل کرنے والے ملزم کے خلاف مقدمہ


لاہور کے علاقے باغبان پورہ میں فائرنگ کرکے سابق اہلیہ سمیت 4 سسرالیوں کو قتل کرنے والے ملزم کے خلاف 4 افراد کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

گزشتہ رات لاہور میں کار پر فائرنگ کرکے چار افراد کو قتل کرنے کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے تھے۔

پولیس کے مطابق کار سواروں کو شادی کی تقریب سے واپسی پر نشانہ بنایاگیا تھا، کار میں دو خواتین اور دو مرد سوار تھے جو فائرنگ سے شدید زخمی ہوئے جنہیں شالیمار ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

مرنے والوں میں فائرنگ کرنے والے ملزم کی سابقہ بیوی، سسر، برادر نسبتی اور سالی شامل ہیں، پولیس نے تھانہ باغبانپورہ میں ایک نامزد اور تین نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق مقدمے میں قتل، اقدام قتل اور دہشت گردی سمیت سنگین دفعات شامل ہیں، مقدمہ مقتول محبوب کے بھائی محمد فاروق کی مدعیت میں درج کیا گیا جس کے مطابق ملزم سلمان اقبال نے سابقہ بیوی کرن اور سسرالیوں پر فائرنگ کی، مقتولہ نے دو سال قبل شوہر سے خلع لی تھی۔

پولیس کےمطابق کارکو شادی سے تقریب سے واپسی میں نشانہ بنایاگیا، گولیاں لگنے سے ایک بچی اور دیگر دو خواتین بھی زخمی ہوئیں۔

ڈان نیوز کو موصول سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کو شادی کی تقریب سے واپس جانے والی فیملی پر اندھا دھند فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے، آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی اور ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں