لاہور کے علاقے مصری شاہ میں سب انسپکٹر کو مسلح ملزمان نے ٹارگٹ کر کے قتل کردیا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ پہنے مسلح ملزم نے پیچھا کرنے کے بعد سب انسپکٹر ارشد کے قریب پہنچتے ہی پہلے پیچھے سے 2 گولیاں ماریں۔
پولیس نے بتایا کہ سب انسپکٹر کے زمین پر گرتے ہی شوٹر نے قریب جا کر مزید 2 گولیاں ماریں، سب انسپکٹر کو 3 گولیاں لگیں لیکن پولیس نے موقع سے 4 خول قبضے میں لے لے لیے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان موقع سے فرار ہوگیا ہے، شہید ہونے والے سب انسپکٹر کے قاتلوں کی گرفتاری کے لئے 3 ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، سب انسپکٹر ارشد کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کردی گئی ہے۔
ابتدائی تحقیقات
پولیس نے بتایا کہ دو روز قبل لاہور میں فائرنگ کے دوران کانسٹیبل محمد علی بھی شہید ہوگئے تھے، دونوں وارداتوں میں ’ایک ہی گروپ‘ کے ملوث ہونے کے امکانات ہیں۔
پولیس کے مطابق سب انسپکٹر ارشد اور کانسٹیبل محمد علی پر فائرنگ کے واقعات میں مماثلت ہے، ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ دونوں واقعات میں ایک حملہ آور نے موٹر سائیکل اور شارٹ گن کا استعمال کیا۔
تفتیش میں پولیس کو معلوم ہوا کہ دونوں وارداتوں میں ہیلمٹ پہنے موٹر سائیکل سوار نے پولیس کو پیچھے سے ٹارگٹ کیا ، کانسٹیبل محمد علی اور سب انسپکٹر ارشد کی مکمل ریکی اور تعاقب کرکے فائرنگ کی گئی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ فائرنگ اور قتل کے حالیہ واقعات میں باغبانپورہ پولیس ٹارگٹ معلوم ہوتی ہے،وردی پہنے اہلکاروں کو نقل و حرکت کے دوران چوکنا رہنے کی ہدایت کردی۔
حکام کے مطابق شوٹر کی گرفتاری کے لیے مزید فوٹیجز حاصل کی جارہی ہیں، شبہ ہے کہ کوئی مخصوص گروہ یا شخص پولیس کو ٹارگٹ کررہا ہے۔