‘لاہور جلسے کیلیے درخواست دیدی ہے، حکومتی ترجمانوں کے پاس معلومات ہی نہیں ہوتیں’


مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) نے لاہور جلسے کے لیے درخواست دیدی ہے لیکن حکومتی ترجمانوں کے پاس معلومات ہی نہیں ہوتیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا جیو نیوز کے مارننگ شو جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ابھی تک پی ڈی ایم نے لاہور جلسے کے لیے درخواست نہیں دی ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ جب جلسے کی درخواست آئے گی تو اس کے بعد حکومت اپنی حکمت عملی سامنے لائے گی لیکن یہ بات طے ہے کہ عوام کی جان و مال سے سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ایس او پیز کا عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ عدالتی احکامات یقینی بنانے کے لیے اپوزیشن سے پہلے ڈائیلاگ کریں گے، ڈائیلاگ کس سے کریں گے، ابھی جلسہ منتظمین سامنے نہیں آئے۔

فردوس عاشق اعوان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومتی ترجمانوں کے پاس معلومات نہیں ہوتیں، اس لیے ایسی باتیں کرتے ہیں، لاہور جلسے کے لیے درخواست دے چکے ہیں۔

رکاوٹوں کے باوجود پی ڈی ایم کا ہر جلسہ کامیاب ہوا: ترجمان مسلم لیگ ن

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ لاہور جلسے میں رکاوٹ نہ ڈالنے کا حکومتی بیان پی ڈی ایم کی پہلی کامیابی ہے، پی ڈی ایم نے عمران خاں کو یہ بات سمجھا دی ہے کہ عوام کی طاقت کیا ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے جلسے عمران خان کے خلاف عوامی ریفرنڈم ہے، حکومت نے گوجرانولہ سے ملتان تک جلسوں میں رکاوٹیں ڈالیں، لیکن اس کے باوجود عوام پی ڈی ایم کے جلسوں میں پہنچی اور ہر جلسہ کامیاب ہوا۔

ترجمان مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ عوامی کی طاقت سب سے بڑی طاقت ہے، جلسے نہ روکنے کے حکومتی بیانات سبکی والے بیانات ہیں۔

خیال رہے کہ پی ڈی ایم نے 13 دسمبر کو لاہور کے مینار پاکستان میں جلسے کا اعلان کر رکھا ہے اور اس حوالے سے ملتان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحما ن کا کہنا تھا کہ لاہور کا جلسہ حکومت کے خلاف ریفرنڈم ثابت ہو گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں