لاہور: برطانیہ میں فیک نیوز کے ذریعے فسادات پھیلانے کے کیس میں ملزم کا جسمانی ریمانڈ منظور

لاہور: برطانیہ میں فیک نیوز کے ذریعے فسادات پھیلانے کے کیس میں ملزم کا جسمانی ریمانڈ منظور


برطانیہ میں فیک نیوز کے ذریعے فسادات پھیلانے کے معاملے پر ضلع کچہری لاہور نے گرفتار ملزم فرحان آصف کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

ایف آئی اے سائبر کرائم نے گرفتار ملزم فرحان آصف کو عدالت پیش کیا، جوڈیشل مجسٹریٹ نے ملزم فرحان آصف کا ایک دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو ملزم سے جلد اَز جلد تفتیش مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔

یاد رہے کہ ایف آئی اے نے ملزم کا 14 دن کا جسمانی ریمانڈ مانگا تھا۔

قبل ازیں برطانیہ میں فیک نیوز کے ذریعے فسادات کے معاملے پر ایف آئی اے سائبرکرائم میں فرحان آصف کے خلاف مقدمہ درج کرلیا تھا، مقدمہ پیکا ایکٹ کی دفعہ 9 اور 10 اے کے تحت درج کیا گیا، مقدمہ سائبر کرائم کے ٹیکنیکل اسسٹنٹ کی مدعیت میں درج کیا گیا، ایف آئی آر میں بتایا گیا کہ ملزم سے دو لیپ ٹاپ اور ایک موبائل فون برآمد کیا گیا۔

واضح رہے کہ 19 اگست کو برطانیہ کے علاقے ساؤتھ پورٹ میں تین کمسن لڑکیوں پر جان لیوا حملے کے خلاف ملک بھر میں بڑے پیمانے پر ہونے والے ہنگاموں کے بعد پاکستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک ایسی ویب سائٹ کے ذریعے غلط معلومات پھیلانے کے دعوؤں کی تحقیقات شروع کردی تھی جس کا فٹ پرنٹ پاکستان میں بھی موجود ہے۔

برطانوی میڈیا کی طرف سے نشر ہونے والی حالیہ رپورٹس میں ایک غیر معروف پلیٹ فارم ’چینل 3 ناؤ‘ کی نشاندہی کی گئی تھی جو اس غلط معلومات کے پھیلاؤ کا ذریعہ بنی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ 17 سالہ برطانوی نژاد مشتبہ شخص کشتی کے ذریعے برطانیہ پہنچنے والا ایک مسلمان تارک وطن تھا۔

تاہم، برطانیہ کے براڈکاسٹر آئی ٹی وی نیوز کے ایک پاکستانی فرد کے جھوٹی خبر کے موجد ہونے کے دعوے پر مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں اور برطانیہ کے دیگر ذرائع ابلاغ دونوں کی جانب سے سوال اٹھایا گیا۔

لاہور کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (آپریشنز) فیصل کامران نے ڈان کو بتایا کہ وہ برطانیہ کے براڈکاسٹر آئی ٹی وی نیوز کے دعوؤں کا تجزیہ کر رہے ہیں اور انہوں نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں