لاک ڈاؤن سے عید پر مٹھائی و کیک کی فروخت 70 فیصد کم ہوگئی


کراچی: کورونا وائرس کی وباء  میٹھی عید کی مٹھاس بھی نگل گئی، لاک ڈاؤن اور دکانوں کے اوقات کار محدود ہونے کی وجہ سے اس سال عید پر کیک اور مٹھائیوں کی فروخت میں 70فیصد تک کمی کا سامنا ہے۔

عید کے لیے خصوصی کیک اور مٹھائیوں کی تیاری کا کام ٹھپ ہوگیا بڑی دکانوں نے محدود تعداد میں کیک اور مٹھائی کی محدود ورائٹی تیار کی ہے، میٹھی عید پر کیک اور مٹھائیوں کی فروخت سال کا سب سے بڑا سیزن ہے تاہم اس سال کرونا کی وبا  اور کاروباری اوقات محدود ہونے کی وجہ سے کیک اور مٹھائیوں کی فروخت نہ ہونے کے برابر ہے۔

مٹھائی کی بڑی دکانوں پر اس سال مٹھائیوں اور کیک کا محدود اسٹاک رکھا گیا ہے عید کے دنوں کے لیے آرڈر پر کیک بنوانے کا رجحان بھی نہ ہونے کے برابر ہے اور اکا دکا گاہک کیک کے آرڈرز بک کرارہے ہیں، بنوری ٹاؤن میں کیک کی معروف برانڈ ماسٹر کیک کے منیجر محمد شاکر نے بتایا کہ اس سال عید کے لیے کیک کی فروخت 75فیصد کم ہے کیک کی فروخت نہ ہونے کی بڑی وجہ دکانوں کے محدود اوقات کار ہیں۔

پٹرول پمپس اور شاپنگ سینٹر بھی 5 بجے بند ہورہے ہیں تاحال عید کے دنوں کے اوقات کار کا بھی اعلان نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے بے یقینی کی صورتحال ہے بیکری اور کیک بنانے والوں کو خدشہ ہے کہ اگر بڑی تعداد میں کیک تیار کیے تو بچ کر ضایع ہوں گے اور نقصان کا سامنا ہوگا اس لیے یومیہ بنیاد پر محدود تعداد میں کیک تیار کیے جارہے ہیں۔

بنوری ٹاؤن پر ہی واقع سپر کیک نامی کیک شاپ کے منیجر کا کہنا تھا کہ عید کے لیے کیک کی تیاری آج سے شروع کی ہے کیک کی ڈیمانڈ میں نمایاں کمی کا سامنا ہے انھوں نے بتایا کہ زیادہ تر چاکلیٹ کیک تیار کیے جارہے ہیں جسے بچے زیادہ پسند کرتے ہیں کیک کی آن لائن فروخت اور ہوم ڈلیوری کی بھی سہولت فراہم کی جارہی ہے لیکن محدود تعداد میں آرڈر مل رہے ہیں۔

امسال ختم قرآن کی محافل پربھی مٹھائی کے آرڈر نہیں ملے

بیکریوں اور مٹھائی کی دکانوں پر نمکو آئٹم اور بیکری آئٹمز تیار کیے جارہے ہیں مٹھائیوں اور کیک کی فروخت نہ ہونے کے برابر ہے۔ رمضان کے دوران بھی مٹھائی کی فروخت انتہائی کم رہی بڑے اجتماعات پر پابندی کی وجہ سے تراویح کے ختم کی محافل کے لیے بھی مٹھائی کے خاطر خواہ آرڈر نہیں ملے یہ بات جیل چورنگی پر مٹھائی کی معروف دکان کے منیجر کلیم نے گفتگو میں بتائی انھوں نے مزید کہا کہ عید کے دنوں میں کیک کی فروخت چاند رات سے عروج پر پہنچ جاتی ہے۔

شہری مہمانوں کی تواضع کے لیے دیگر لوازمات کے ساتھ کیک بھی خریدتے ہیں اس سال چاند رات کی رونقیں ماند پڑی ہیں کیونکہ دکانوں کے اوقات کار محدود ہیں اسی طرح عید کے دنوں میں اپنے رشتہ داروں، دوستوں اور اقارب سے عید ملنے جانے والے شہری راستے سے کیک اور مٹھائیاں خریدتے ہوئے لے جاتے ہیں اس سال دکانیں 5 بجے سے زیادہ کھولنے کی اجازت نہیں ہے جس سے فروخت متاثر ہونے کا خدشہ ہے انھوں نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے مٹھائی کے کاریگروں کی بھی کمی رہی زیادہ تر کاریگر پنجاب سے اور سندھ کے مختلف شہروں سے آتے ہیں بالخصوص عید کے لیے روایتی نمکین کچوریاں بنانے والے کاریگر شہر کے باہر سے آتے ہیں لاک ڈاؤن کی وجہ سے کاریگر کراچی نہیں پہنچ سکے۔

عیدپربچوں کیلیے خصوصی کٹ کیٹ چاکلیٹ کیک تیار

بچوں میں چاکلیٹ کیک زیادہ مقبول ہیں  بیکریوں پر چاکلیٹ اور ویفرز کے امتزاج سے کٹ کیٹ چاکلیٹ کیک تیار کیے جاتے ہیں جو عید پر بچوں میں زیادہ پسند کیے جاتے ہیں کٹ کیٹ چاکلیٹ کے علاوہ چاکلیٹ فج کیک بھی زیادہ پسند کیا جاتا ہے صحت کے لیے فکر مند کیک کے شیدائی کریم کے بغیر حیدرآبادی کافی کیک زیادہ پسند کرتے ہیں اسی طرح مختلف میوہ جات سے مزین دیسی کیک بھی عید پر زیادہ فروخت کیے جاتے ہیں۔

مٹھائیوں کی جگہ حلوہ جات نے لے لیگلاب جامن اور چم چم مقبول مٹھائیاں

مٹھائیوں کی جگہ اب حلوہ جات نے لے لیے ہیں گلاب جامن اور چم چم روایتی مقبول اور سدا بہار مٹھائیاں ہیں جو 500  سے 600 روپے کلو تک فروخت کی جاتی ہیں حلوہ جات میں زیادہ تر حبشی حلوہ، اخروٹ کا حبشی حلوہ، پائن ایپل حلوہ، مکس ڈرائی فروٹ حلوہ جات زیادہ مشہور ہیں جن کی قیمت 850سے 1000روپے کلو تک وصول کی جاتی ہیں۔

فائیواسٹارہوٹلزاوربرانڈزکاپیمنٹ کارڈزکے ذریعے40فیصد رعایت دینے کا اعلان

فائیو اسٹار ہوٹل نے نجی بینک کے اشتراک سے پیمنٹ کارڈ کے ذریعے خریداری کرنے والوں کو چالیس فیصد تک رعایت دینے کا اعلان کیا ہے اسی طرح پائی ان دی اسکائی نامی برانڈ بھی پیمنٹ کارڈ کے ذریعے 40 فیصد رعایت دے رہی ہے، فوڈ ڈی لیوری کی سروس فوڈ پانڈا بھی کیک کی معروف برانڈز کی گھروں پر ڈی لیوری پر 15سے 20فیصد تک رعایت دے رہی ہے۔

بڑی بیکریاں اور برانڈز عید کے 3 دنشہریوںکوکیک ڈی لیورکریں گی

کیک فروخت کرنیو الی بڑی بیکریوں اور معروف برانڈز نے کیک کی آن لائن فروخت اور ہوم ڈلیوری کی سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے شہریوں کو عید کے تینوں دن کیک ڈیلیوری کریں گی کیک بنانے والی معروف بیکریوں اور فائیو اسٹار ہوٹلوں نے گاہکوں کو راغب کرنے کے لیے رعایتی سیل لگادی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں