لاک ڈاؤن کے دوران شادی کے بندھن میں بندھنے والے فنکار


کراچی: دنیا بھر میں پھیلے کوروناوائرس نے جہاں انسانی زندگیوں کو متاثر کیا ہے وہیں کورونا کے باعث ہونے والے لاک ڈاؤن کے دوران شوبز فنکاروں نے شادی کرکے اپنے نئے جیون کا آغاز کیا ہے۔

کورونا وبا نے دنیا میں موجود ہر شخص کی زندگی کو متاثر کیا ہے لوگوں کا ایک دوسرے سے ملنا جلنا اور سماجی رابطہ ختم ہوکر رہ گیا ہے۔ کورونا کےخوف کے باعث شادی بیاہ جیسی تقریبات بھی ختم ہوکر رہ گئی ہیں۔ ایسے میں پاکستانی شوبز کے فنکاروں نے کم لوگوں کی موجودگی میں شادی کرکے ایک مثال قائم کرنے کی کوشش کی ہے۔

ثمینہ احمد اور منظر صہبائی

گزشتہ ماہ پاکستان کی معروف اداکارہ ثمینہ احمد اور اداکار منظر صہبائی نے کورونا لاک ڈاؤن کے دوران اچانک شادی کرکے اپنے چاہنے والوں کو خوشگوار حیرت میں ڈال دیا۔ دونوں اداکار 70 برس کی عمر میں 4 اپریل کو خاموشی سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔ یہ شادی توخاموشی سے ہوئی تھی لیکن خبر سامنے آنے کے بعد کئی گھنٹوں تک ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ میں رہی۔

پاکستانیوں نے اس شادی کو خوب سراہا اور دونوں کو نئی زندگی کی ڈھیروں مبارکباد دی جب کہ کچھ لوگوں نے تومنظر اور ثمینہ کی شادی کی خبر کو لاک ڈاؤن کے خوفزدہ ماحول میں ایک خوشگوار جھونکا قرار دیتے ہوئے کہا کہ بہت دنوں بعد ایک اچھی خبر سننے کو ملی۔

نمرہ خان

لاک ڈاؤن کے دوران شوبز سے ایک اور شادی کی خبر سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔ پاکستانی اداکارہ و ماڈل نمرہ خان اپریل کے آخری ہفتے میں سادگی کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئیں جس کی خبر انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے چاہنے والوں کے ساتھ شیئر کی اور لوگوں سے اپنی نئی زندگی کے لیے دعا کرنے کی درخواست کی۔

آغاعلی حنا الطاف

کورونا وبا اور لاک ڈاؤن کے دوران ایک اور پاکستانی جوڑی آغا علی اور حنا الطاف نے بھی کم لوگوں کی موجودگی میں شادی کرکے اپنے مداحوں کو حیران کردیا۔ دونوں اپنے قریبی عزیزوں کی موجودگی میں جمعۃ الوداع کے دن نکاح کے بندھن میں بندھ گئے۔


اپنا تبصرہ لکھیں