کراچی: کورونا کی وبا کی روک تھام کے لیے ہونے والے لاک ڈاؤن سے معاشی سرگرمیوں میں کمی کے باعث کسٹمز محصولات کی وصولی میں غیرمعمولی کمی کا سامنا ہے۔
پاکستان کسٹمز اپریزمنٹ ویسٹ اور ایسٹ کلکٹریٹ کو رواں مالی سال کے ابتدائی 11ماہ میں ریونیوکے مقررہ اہداف کےحصول میں ناکامی کا سامنارہا ہے، اپریزمنٹ ویسٹ نے جولائی 2019 تا مئی 2020 کے دوران 61 ارب88 کروڑ روپے کمی سے 83 ارب 38 کروڑ 10لاکھ روپے جبکہ اپریزمنٹ ایسٹ نے41ارب 8کروڑ 50لاکھ روپے کی کمی سےایک کھرب 42ارب 64کروڑ 30لاکھ روپےمالیت کی کسٹمز ڈیوٹی کی وصولیاں کیں۔
اعدادوشمار کے مطابق اپریزمنٹ ویسٹ نے زیرتبصرہ مدت میں مجموعی طور پر 2 کھرب 6ارب 9 کروڑ روپے مالیت کی ڈیوٹی ٹیکسوں کی وصولیاں کیں جس میں کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں 83 ارب 38 کروڑ 10لاکھ روپے، سیلز ٹیکس کی مد میں 92 ارب 63 کروڑ 90 لاکھ روپے، انکم ٹیکس کی مد میں 29 ارب 66 کروڑ 70لاکھ روپے، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 40 کروڑ 30 لاکھ روپے شامل ہیں۔
اپریزمنٹ ویسٹ نے مئی2020 کے دوران 5 ارب 30 کروڑ 70لاکھ روپے کمی سے 5 ارب 5 کروڑ 60 لاکھ روپے مالیت کی کسٹمز ڈیوٹی وصول کی جبکہ مئی 2020 کا ہدف 10 ارب 36 کروڑ 30 لاکھ روپے تھا۔ اپریزمنٹ ویسٹ نے مئی 2020 میں مجموعی طور پر 14 ارب 81 کروڑ 80 لاکھ روپے کی ڈیوٹی ٹیکسوں کی وصولیاں کیں جن میں کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں 5 ارب 5 کروڑ 60لاکھ روپے، سیلز ٹیکس کی مد میں7 ارب 44 کروڑ30لاکھ روپے ، انکم ٹیکس کی مد میں 2 ارب 27 کروڑ70لاکھ روپے اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں4 کروڑ10لاکھ روپےکی وصولیاں شامل ہیں۔
اسی طرح کسٹمز اپریزمنٹ ایسٹ نے رواں مالی سال کے ابتدائی 11ماہ کے دوران مجموعی طورپر 4 کھرب 10 ارب 77 کروڑ 70لاکھ روپے مالیت کی ڈیوٹی ٹیکسوں کی وصولیاں کیں جن میں کسٹمز ڈیوٹی کی مدمیں ایک کھرب 42 ارب 64 کروڑ 30 لاکھ روپے، سیلز ٹیکس کی مد میں 2 کھرب 6 ارب 68 کروڑ روپے، انکم ٹیکس کی مد میں 59 ارب 59کروڑ 70 لاکھ روپے ، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں ایک ارب 85 کروڑ 70 لاکھ روپے کی وصولیاں شامل ہیں۔ کسٹمز اپریزمنٹ ایسٹ نے مئی 2020 میں 8 ارب 17 کروڑ 80 لاکھ روپے کمی سے 11 ارب 13کروڑ 10 لاکھ روپے مالیت کی کسٹمز ڈیوٹی وصول کی جبکہ ہدف 19ارب 30 کروڑ 90 لاکھ روپے کا دیا گیا تھا۔
اپریزمنٹ ایسٹ نے مئی 2020 میں مجموعی طور پر 32 ارب 74 کروڑ 90 لاکھ روپے کی ڈیوٹی ٹیکسوں کی وصولیاں کیں جن میں کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں 11 ارب 13 کروڑ 10 لاکھ روپے، سیلز ٹیکس کی مد میں 16 ارب 79 کروڑ 80 لاکھ روپے ، انکم ٹیکس کی مد میں 4 ارب 49 کروڑ 30 لاکھ روپے اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 32 کروڑ 80 لاکھ روپے کی وصولیاں شامل ہیں۔