امریکا کی نامور لائیو اسٹریمنگ سروس ’ٹوِئچ‘ نے اپنے پلیٹ فارم پر فحش مواد جیسا کہ عریاں ڈرائنگ اور مجسمے (جو صرف آرٹ کی حد تک محدود ہوں) اپلوڈ کرنے کی اجازت دے دی۔
ٹیکنالوجی کی خبر پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ٹوئچ (جو امریکی ملٹی نیشنل ٹیکنالوجی کمپنی ایمازون کی ملکیت ہے) نے اپنے پلیٹ فارم پر کری ایٹرز کو ایسے فحش مواد اپلوڈ کرنے کی اجازت دی ہے جو صرف آرٹ کی حد تک محدود ہو یعنی یہ ڈرائنگ اور مجسمے سے لے کر باڈی پینٹنگ تک ہو سکتے ہیں۔
ٹوئچ کو ماضی میں طویل عرصے سے جنسی مواد سے متعلق قوانین مرتب کرنے کے حوالے سے مختلف چیلنجز کا سامنا رہا ہے، اس کے علاوہ پلیٹ فارم کو کھلے عام عریاں اور فحاشی پر مبنی مواد شئیر کرنے بھی شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
تاہم اب پلیٹ فارم نے اپنے قوانین میں کچھ تبدیلیاں کی ہیں جن میں فحش مواد شئیر کرنے پر پابندی ہٹا دی گئی ہے لیکن شرط یہ ہے کہ یہ مواد آرٹ کی حد تک محدود ہو۔
پلیٹ فارم کے مطابق صارفین ایسے مواد اپلوڈ کرتے وقت کانٹینٹ کلاسیفیکشن لیبل (سی سی ایل) لازمی ظاہر کریں۔
ٹوئچ کی جانب سے جون میں سی سی ایل متعارف کروایا گیا تھا تاکہ ویڈیو دیکھنے والے صارفین کو خبردار کیا جاسکے کہ مذکورہ ویڈیو میں فحاشی پر مبنی مواد اور جنسی تھیم کو شامل کیا گیا ہے۔
ٹوئچ کی جانب سے یہ بھی واضح کیا گیا کہ فحش مواد پر مبنی ویڈیوز میں اگر سی سی ایل کا لیبل موجود ہے تو اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوگی۔
ٹوئچ کے چیف کسٹمر ٹرسٹ آفیسر انجیلا ہیشن کا کہنا تھا کہ پلیٹ فارم نے اسٹریمرز کے فیڈ بیک کے جواب میں اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کی ہے، اسٹریمرز اور کری ایٹرز کے لیے یہ سمجھنا مشکل ہوگیا تھا کہ وہ کس طرح کے مواد اپلوڈ کرسکتے ہیں یا کون سا مواد پلیٹ فارم کی پالیسیوں کے خلاف ہے۔
پلیٹ فارم نے اپنے ماضی کے قوانین کو تبدیل کرتے ہوئے کمیونٹی گائیڈلائنز کے اندر نئی پالیسیاں Sexual Content Policy کے نام سے مرتب کی ہیں۔
انجیلا ہیشن کا کہنا ہے کہ جنسی مواد سے متعلق پچھلی پالیسی انڈسٹری کے معیار کے مطابق نہیں تھی، اس کے نتیجے میں کچھ ٹرانسجینڈر خواتین کو جرمانے کا بھی سامنا کرنا پڑ، پالیسیوں کو اپ ڈیٹ کرنے کا مقصد اس طرح کے خدشات کو دور کرنا اور تمام اسٹریمرز کے لیے پلیٹ فارم پر مساوی ماحول بنانا ہے۔
اگرچہ ٹوئچ میں عریانی پر مبنی مواد اپلوڈ کرنے سے متعلق قوانین میں نرمی کی گئی ہے لیکن جنسی تشدد، پورن، سیکس گیمز جیسی ویڈیوز اپلوڈ کرنے پر پابندی برقرار رہے گی، پلیٹ فارم نے ایسے مواد پر مکمل طور پر پابندی عائد کی ہے، صارفین ایسے مواد اپنے ہوم پیج پر نہیں دیکھ سکیں گے۔
اس کے علاوہ پلیٹ فارم کے ہوم پیچ پر ایسی لائیو اسٹریم بھی نہیں دکھائی جائیں گی جن میں منشیات، تمباکو ، تشدد، گیمبلنگ اور جنسی تھیم کا لیبل موجود ہو۔