قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ کا آج اعلان نہ ہو سکا، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ نام منظوری کیلئے چئیرمین پی سی بی احسان مانی کو بھجوا دیے گئے ہیں۔
نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں نوجوان کرکٹرز کو اہمیت دینے کی تجویز ہے جبکہ نسیم شاہ کو پہلی مرتبہ کنٹریکٹ ملے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ چیف سلیکٹر مصباح الحق سے مشاورت کے بعد سینٹرل کنٹریکٹ کیلئے قومی کرکٹرز کے ناموں کا اعلان چیئرمین احسان مانی کی منظوری کے بعد کر دیا جائے گا لیکن ایسا ممکن نہ ہو سکا۔
دن بھر انتظار کے بعد پی سی بی نے باضابطہ طور پر اعلان کیا کہ ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے آئندہ سیزن کے سینٹرل کنٹریکٹ کیلئے اپنی تجاویز چیئرمین پی سی بی کو جمع کرا دی ہیں، آنے والے سیزن کیلئے ناموں کا اعلان کل کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹ میں نوجوان کھلاڑیوں کو اہمیت دی گئی ہے۔ نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ کو پہلی مرتبہ کنٹریکٹ ملے گا جبکہ کچھ کھلاڑیوں کی ترقی اور کچھ کی تنزلی کی تجویز ہے۔
ٹیسٹ کپتان اظہر علی اور فاسٹ بولر شاہین آفریدی کی اے کیٹیگری میں ترقی کی تجویز ہے۔ سابق کپتان سرفراز احمد اور یاسر شاہ کی بی کیٹیگری میں تنزلی کی تجویز ہے۔ عابد علی اور محمد رضوان کی ترقی کی تجویز ہے جبکہ امام الحق کی بھی تنزلی ہو سکتی ہے۔ حسن علی اور وہاب ریاض کا سینٹرل کنٹریکٹ سے ہاتھ دھونا یقینی دکھائی دے رہا ہے جبکہ ریڈ بال کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے والے محمد عامر کو بھی کنٹریکٹ نہ دینے کی تجویز سامنے آئی ہے۔
اس کے علاوہ حارث رؤف، محمد حسنین اور حیدر علی کو بھی صلاحیتیوں کے اعتراف کیلئے آئندہ برس کے کنٹریکٹ میں شامل کرنے کی تجویز ہے۔
کرکٹرز کی تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی پر چھوڑ دیا گیا ہے۔