قومی شاہراہ پر دھند کے باعث حادثات، 3 افراد جاں بحق


صوبہ سندھ کے علاقے نواب شاہ میں دولت پور کے نزدیک قومی شاہراہ پر شدید دھند کے باعث پیش آنے والے ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 25 سے زائد زخمی ہوگئے۔

موٹر وے پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ شدید دھند کی وجہ سے حد نگاہ کم ہونے کے باعث قومی شاہراہ پر مختلف مقامات پر تقریباً ایک درجن گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جن میں مسافر کوچز اور وینز شامل تھیں۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں سے 2 کی شناخت طارق ڈاہری اور فاروق احمد کے نام سے ہوئی جبکہ تیسرے شخص کی شناخت نہیں ہوسکی۔

حادثے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد اور لاشوں کو دولت پور اور قاضی احمد ہیلتھ سینٹر منتقل کردیا گیا۔

علاوہ ازیں حادثے میں شدید زخمی ہونے والے کچھ افراد کو نواب شاہ کے پیپلز میڈیکل یونیورسٹی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

دوسری جانب روہڑی میں قومی شاہراہ پر پیالہ ہوٹل کے قریب کراچی سے پنجاب جانے والی بس کو حادثہ پیش آیا۔

حادثے کے نتیجے میں ایک مسافر لعل بخش جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے جنہیں ریسکیو ٹیموں نے تعلقہ ہسپتال منتقل کیا۔

دوسری جانب شدید دھند کے باعث کندھ کوٹ میں ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔

خیال رہے کہ موسم سرما کے دوران صبح کے اوقات میں میدانی علاقوں میں شدید دھند پائی جاتی ہے جس کی وجہ سے بڑی شاہراہوں پر ٹریفک حادثات میں خاصہ اضافہ ہوجاتا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں