صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کی معمولی خلاف ورزی پر بھی بھرپور جواب دیا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 139 پی ایم اے لانگ کورس، 9 ویں مجاہد کورس، 58 اینٹی گریٹڈ کورس اور 14 ویں لیڈی کیڈٹ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی جس کے مہمان خصوصی صدر مملکت عارف علوی تھے۔
پاس آؤٹ کرنے والوں میں سعودی عرب اور سری لنکا کے کیڈٹس بھی شامل تھے، صدر مملکت نے پریڈ کا معائنہ کیا اور کیڈٹس میں ایوارڈز بھی تقسیم کیے۔
صدر مملکت کا پاس ہونے والے کیڈٹس سے خطاب میں کہنا تھا کہ پاک فوج دنیا کی بہترین اور پیشہ ور فوج ہے اور آپ نے دنیا کی بہترین فوج میں تربیت حاصل کی ہے، آپ نے اپنی قوم کے اعتماد پر پورا اترنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج آج انتہائی پُرعزم اور سخت جان ہے، پاک فوج دہشتگردی اور ملک کو درپیش مختلف خطرات سے پوری طرح باخبر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، مسلح افواج ہر طرح کی جارحیت کے خلاف دفاع کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔
عارف علوی نے کہا کہ مشرقی محاذ پر حالیہ لڑائی اس حقیقت کا ثبوت ہے، ہماری آپریشنل تیاریوں اور بھرپور جواب نے دشمن کے ناپاک عزائم کو شکست دی۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئی شبہ نہیں ہونا چاہیے کہ کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا جائےگا، قومی سلامتی کی معمولی خلاف ورزی پر بھی بھرپور جواب دیا جائے گا اور اس مقصد کی تکمیل کے لیےکسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان امن کا ہمیشہ خواہاں رہا ہے، قومی پالیسی کے تحت امن کا فروغ چاہتا رہےگا، ہم امن اور برابری اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں۔