حکومت نے سینٹرل ڈائریکٹریٹ آف نیشنل سیونگز (سی ڈی این ایس) کی مختلف بچت اسکیموں اور سرٹیفکیٹس پر شرح منافع میں اضافہ کردیا۔
اس ضمن میں سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ نیشنل سیونگز اسکیمز کے نظر ثانی شدہ شرح منافع کا اطلاق 28 اگست سے ہوا۔
نوتیفکیشن کے مطابق اسپیشل سیونگ سرٹیفکٹس پر اوسط شرح منافع 6.87 فیصد سے بڑھا کر 7.77 فیصد، ڈیفنس سیونگس سرٹیفکٹس پر شرح منافع 8.44 سے بڑھا کر 8.49 فیصد اور ریگولر انکم سیونگ سرٹیفکٹس پر شرح منافع 7.8 سے بڑھاکر 8.04 فیصد کردی گئی۔
تاہم بہبود، پینشن اور شہدا ویلفیئر سرٹیفکٹس پر منافع کی شرح 10.32فیصد پر برقرار رہے گی۔
علاوہ ازیں مختصر مدت کے سرٹیفکٹس پر بھی شرح منافع میں اضافہ کردیا گیا۔
اس میں 3 ماہ کے سرٹیفکیٹس پر شرح منافع 6.12 سے بڑھا کر 6.60 فیصد, چھ ماہ کے سرٹیفکیٹس پر شرح منافع 6.14 سے بڑھا کر 6.80 فیصد اور 12ماہ کے سرٹیفکیٹس پر شرح منافع پر 6.2 فیصد سے بڑھاکر 6.8 فیصد کردی گئی۔
یاد رہے کہ رواں برس اپریل میں حکومت نے سینٹرل ڈائریکٹریٹ آف نیشنل سیونگز (سی ڈی این ایس) کی تمام بچت اسکیموں اور اکاؤنٹس پر شرح منافع کم کردی تھی۔
ریٹ آف ریٹرنز پر نظرِ ثانی کر کے اس میں کمی اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے پالیسی ریٹ میں کمی کے ساتھ پاک انویسٹمنٹ بانڈز اور ٹریژری بلز پر طویل مدتی سرمایہ کاری کی گرتی ہوئی سیکنڈری مارکیٹ کی پیداوار کے سبب کی گئی تھی۔