قومی اسمبلی میں اپوزیشن کے شور شرابے کے دوران انسداد دہشت گردی بل2020ء کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان کے مشیرِ پارلیمانی امور بابر اعوان نے انسداد دہشت گردی ترمیمی بل ایوان میں منظوری کے لیے پیش کیا۔
مسلم لیگ ن کے رکن رانا ثناء اللہ کی پیش کردہ ترمیم کثرت رائے سے مسترد کردی گئی اور انسداد دہشت گردی بل 2020ء کی شق وار منظوری کا عمل مکمل کرلیا گیا۔
اس دوران اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا اور بل کی کاپیاں پھاڑ کر ہوا میں اڑا دیں،اسپیکر اسد قیصر نے جمعیت علمائے اسلام(جے یو آئی) کے اسعد محمود کا مائیک بند کردیا اور قانون سازی کا عمل شروع کرادیا۔
اسعد محمود کا مائیک بند کردینے پر اپوزیشن اور جے یو آئی کے ارکان نے شدید احتجاج کیا جب کہ جے یو آئی کے ارکان نے اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ بھی کیا۔
اپوزیشن کے شور شرابے اور احتجاج کے دوران ایوان نے انسداد دہشت گردی بل 2020ءکثرت رائے سے منظور کرلیا۔
اجلاس کے دوران قومی اسمبلی میں سلامتی کونسل ایکٹ ترمیمی بل 2020ء بھی منظور کرلیا گیا۔