قومی اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید کی تقریرشروع ہوتے ہی اپوزیشن ارکان ایوان سے چلے گئے۔
وفاقی وزیر مراد سعید نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہاں تقریر کرتے ہی اپوزیشن ایوان سے چلی گئی، عمران خان نےغریبوں کو خطے کا سب سے بڑا ریلیف پیکج دیا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں 23 لاکھ خاندانوں کو وفاق نے امداد دی،آپ نے کیا کیا ہے؟ یہ یہاں کنفیوژن پھیلاتے ہیں، دنیا کی مضبوط معیشتیں کورونا کے سامنے بے بس ہیں۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کی صورتحال پر قومی اسمبلی کا اجلاس آج طلب کیا گیا تھا تاہم اجلاس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور وزیراعظم عمران خان سمیت کئی ارکان شریک نہیں ہوئے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس اب 13 مئی کو طلب کیا گیا ہے جہاں کورونا صورتحال پر مزید بحث کی جائے گی۔