’قومی ادارہ صحت کو موصول سیمپلز میں کورونا کی تصدیق نہیں ہوئی‘


اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے تصدیق کی ہے کہ قومی ادارہ صحت کو کورونا کے 25 سیمپل موصول ہوئے جن میں سے کسی میں بھی وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی زیر صدارت کورونا وائرس کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں وفاقی سیکریٹری صحت ڈاکٹر اللہ بخش ملک اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہاکہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے تمام اقدامات کیے جارہے ہیں، تمام بندرگاہوں پر انٹر نیشنل ریگولیش کے تحت عمل درآمد کو یقینی بنایا ہے، عوام کو تحفظ دینے کیلئے ہنگامی بنیادوں پراقدامات کیے جارہے ہیں۔

معاون خصوصی نے بتایا کہ قومی ادارہ صحت کو 25 کورونا کےسیمپل موصول ہوئے جو کہ منفی آئے، پاکستان میں اس وقت تک کورونا وائرس کا کوئی کیس نہیں ہے۔

چین سے دنیا میں پھیلنے والا ’کورونا وائرس‘ اصل میں ہے کیا؟

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق کورونا وائرسز ایک سے زائد وائرس کا خاندان ہے جس کی وجہ سے عام سردی سے لے کر زیادہ سنگین نوعیت کی بیماریوں، جیسے مڈل ایسٹ ریسپائریٹری سنڈروم (مرس) اور سیویئر ایکیوٹ ریسپائریٹری سنڈروم (سارس) جیسے امراض کی وجہ بن سکتا ہے۔

یہ وائرس عام طور پر جانوروں کے ذریعے انسانوں میں منتقل ہوتے ہیں۔ مثال کے طور پر سارس کے حوالے سے کہا جاتا ہے کہ یہ بلیوں کی ایک خاص نسل Civet Cats جسے اردو میں مشک بلاؤ اور گربہ زباد وغیرہ کے نام سے جانا جاتا ہے، اس سے انسانوں میں منتقل ہوا جبکہ مرس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ ایک خاص نسل کے اونٹ سے انسانوں میں منتقل ہوا۔

اس کی علامات کیا ہیں؟

ڈبلیو ایچ او کے مطابق کورونا وائرس کی علامات میں سانس لینے میں دشواری، بخار، کھانسی اور نظام تنفس سے جڑی دیگر بیماریاں شامل ہیں۔

اس وائرس کی شدید نوعیت کے باعث گردے فیل ہوسکتے ہیں، نمونیا اور یہاں تک کے موت بھی واقع ہوسکتی ہے۔

یہ کتنا خطرناک ہوسکتا ہے؟

ماہرین کے مطابق کورونا وائرس اتنا خطرناک نہیں جتنا کہ اس وائرس کی ایک اور قسم سارس ہے جس سے 3-2002 کے دوران دنیا بھر میں تقریباً 800 افراد جاں بحق ہوئے تھے اور یہ وائرس بھی چین سے پھیلا تھا۔

ماہرین صحت کی ہدایات

ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری انفلوئنزا یا فلو جیسی ہی ہے اور اس سے ابھی تک اموات کافی حد تک کم ہیں۔

ماہرین کے مطابق عالمی ادارہ صحت کی سفارشات کے مطابق لوگوں کو بار بار صابن سے ہاتھ دھونے چاہئیں اور ماسک کا استعمال کرنا چاہیئے اور بیماری کی صورت میں ڈاکٹر کے مشورے سے ادویات استعمال کرنی چاہیئے۔


اپنا تبصرہ لکھیں