برٹش کولمبیا، کینیڈا:
ہم جانتے ہیں کہ وقت سے قبل (سات یا آٹھ ماہ) میں آنکھ کھولنے والے بچے بہت سے طبی مسائل میں گرفتار ہوسکتے ہیں۔ ان کا دماغ تشکیل پارہا ہوتا ہے اور ضروری ہوتا ہے کہ اسے مناسب آکسیجن فراہم کی جائے۔ اب ایک تھرتھراتا ہوا بستر ان کا علاج کرسکتا ہے اور ان کی جان بھی بچاسکتا ہے۔خواہ بڑے ہوں یا بہت چھوٹے بچے اور جسمانی دباؤ میں کم گہرے سانس لیتے ہیں۔ اس طرح پھیپھڑوں میں ہوا کم جاتی ہے اور خون میں آکسیجن کی سطح تیزی سے گرتی ہے۔ پھر دماغ تک آکسیجن نہیں پہنچ پاتا۔ اگر قبل ازوقت پیدا ہونے والے کسی بچے کو اس کا سامنا رہے تو ان کے دماغ کو مزید نقصان پہنچنے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔
اس کا حل ’کامر بے بی بیڈ‘ کی صورت میں پیش کیا گیا ہے جو برٹش کولمبیا یونیورسٹی، کینیڈا کے سائنسدانوں نے ایجاد کیا ہے۔ جیسے ہی اس پر قبل نارمل مدتِ حمل سے کم وقت میں پیدا ہونے والے بچے کو لیٹایا جاتا ہے یہ آلہ اوپر اور نیچے ہوتا ہے۔ اس سے گمان ہوتا ہے کہ گویا بچہ والدین کے ہاتھوں میں ہے اور یوں دل کی دھڑکن اور سانس لینے کا عمل بہتر انداز میں ہم آہنگ رہتا ہے۔
اگرچہ والدین کو یہ عمل خود کرنا چاہیے لیکن نہ ہی یہ والدین کے لیے ممکن ہوتا ہے کہ وہ ہروقت بچے کو ہلاتے جلاتے رہین اور نہ ہی مصروف ہسپتالوں کی نگہداشتی نرسریوں کا عملہ اسے خود انجام دے سکتا ہے۔ پھر وبا کے دوران دنیا بھر میں ہسپتال کے عملے کی شدید قلت رہتی ہے۔
بستر کی ایجاد کے بعد اسے کئی ہسپتالوں میں آزمایا گیا ہے۔ ایک تجربے میں 16 نومولود بچے والدین یا نرس کے حوالے کئے گئے اور دیگر 12 بچوں کو کامر بستر پر لیٹایا گیا۔ وقفے وقفے سے دونوں گروہوں کے بچوں میں خون کے ٹیسٹ کے ذریعے دماغ میں آکسیجن کی مقدار ناپی گئ تو حیرت انگیز طور پر وہ یکساں نکلی۔ اس طرح بستر والی ٹیکنالوجی کی افادیت واضح طور پر سامنے آئی۔
ایک اور ہسپتال سے بھی بے بی کامر بیڈ کے بہت اچھے نتائج موصول ہوئے ہیں ۔ اگلے مرحلے میں بڑے پیمانے پر اس کی آزمائش کی جائے گی اور سینکڑوں ہزاروں بچوں کو آزمایا جائے گا۔ اس طرح ترقی پذیر اور غریب ممالک میں بچوں کی بڑی تعداد کو بچانا اور توانا رکھنے میں بہت مدد ملے گی۔
اس تحقیق کے نتائج، پین رپورٹس میں شائع ہوئے ہیں۔