قاسم سلیمانی کو کیوں مارا؟ ٹرمپ نے وجہ بتادی


واشنگٹن: امریکی صدر ٹرمپ نے ایرانی جنرل قاسم سلیمانی پر حملے کی وجہ بتادی۔

امریکی نشریاتی ادارے فوکس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ جب امریکا نے جنرل قاسم سلیمانی کو قتل کیا تو ایران ہمارے چار سفارتخانوں کو نشانہ بنانا چاہتا تھا اور اس نے بغداد میں امریکی سفارتخانے کو نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ میں یہ انکشاف کرسکتاہوں اور مجھے یقین ہےکہ یہ ہمارے چار سفارتخانے ہی ہوتے، ہم بتائیں گے کہ یہ بغداد میں ہمارے سفارتخانے کو نشانہ بنانے جارہے تھے۔

ایران پر نئی پابندیاں عائد

دوسری جانب امریکا نے ایران پر 17 نئی معاشی پابندیاں کا بھی اعلان کیا۔

امریکا کی جانب سے ایران پر 17 نئی معاشی پابندیاں لگائی گئی ہیں جس میں تعمیرات، پیداواری شعبہ، ٹیسکٹائل، کان کنی، اسٹیل اور لوہے کی صنعت پر لگائی گئی ہیں۔

امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر میزائل حملوں میں ملوث 8 ایرانی عہدیداروں پر بھی پابندی عائد کی گئی ہیں اور یہ تمام پابندیاں فوری نافذ العمل ہیں۔

امریکا ایران حالیہ کشیدگی کا پس منظر

3 جنوری کو امریکا نے عراقی دارالحکومت بغداد میں میزائل حملہ کرکے ایرانی قدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کو قتل کردیا تھا جس کے بعد ایران کی جانب سے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بدلہ لینے کا اعلان کیا گیا تھا۔

8 جنوری کی علی الصبح ایران نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے عراق میں موجود امریکی فوج کے 2 ہوائی اڈوں کو میزائلوں سے نشانہ بنایا جس میں 80 ہلاکتوں کا بھی دعویٰ کیا گیا تاہم امریکا نے اس حملے میں کسی بھی امریکی فوجی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی تردید کی ہے۔

اس کے بعد 8 جنوری کو ہی امریکی صدر ٹرمپ نے خطاب کیا اور ایران پر مزید سخت پابندیوں کے اعلان کے ساتھ ساتھ امن کی بھی پیشکش کی۔


اپنا تبصرہ لکھیں