قادر خان، گبر سے بڑے ولن اور مقدر کے سکندر!


بالی وڈ نامور اداکار قادر خان دنیا سے رخصت ہوگئے لیکن وہ اپنے مداحوں کی یادوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔

بالی وڈ کے باکس آفس پر 1975 سے 2005 تک کسی بھی ہیرو کی حکمرانی رہی ہو لیکن اُس ہیرو کی حکمرانی کی سلطنت بننے اور قائم رہنے میں قادر خان کا بڑا ہاتھ رہا ہے۔قادر خان پہلے امیتابھ بچن، جتندر، متھن، پھر انیل کپور کے بعد سلمان خان، سنجے دت، اکشے کمار اور سب سے بڑھ کر گوندا تک کے لیے کامیابی کی کنجی بنے۔

قادر خان ولن بنے تو امجد خان کے ساتھی کے طور پر نظر آئے بلکہ اُس زمانے میں جب امجد خان گبر بن کر بالی وڈ میں امر ہوچکے تھے تو قادر خان نے کئی فلموں میں اُن سے بھی بڑے ولن کے کردار ادا کیے مثلا فلم ’پرورش‘ اور ’نصیب‘ ۔

قادر خان نے جہان مزاحیہ کردار کیے وہیں ولن کے کرادر بھی بخوبی نبھائے—.فوٹو فائل 

کامیڈی میں قادر خان نے شکتی کپور، جونی لیور، پاریش راول، سدا شیو اور انوپم کھیر جیسے بڑے اداکاروں کو” لِیڈ“کیا۔

اپنی گرج دار آواز اور ڈائیلاگ ڈلیوری کے لیے مشہور قادر خان نے کئی فلموں کی کہانی اور بہت ساری فلموں کے مکالمے بھی لکھے لیکن دنیا انہیں ایک اداکار کے طور پر زیادہ جانتی ہے ۔

قادر خان نے پہلی فلم”داغ“ تو 1971 میں کی جس میں انہوں نے وکیل کا کردار ادا کیا لیکن ان کو پہلا مرکزی کردار1977میں امیتابھ بچن اور ونود کھنہ کے مقابل فلم” خون پسینہ “میں بطور ولن ملا جس میں ان کا نام ”ظالم سنگھ“ تھا۔اِسی سال قادر خان فلم ”پرورش“ میں ”سپریمو“ کے کردار میں نظر آئے۔

امیتابھ بچن کی مقبول فلم ”مقدر کے سکندر“ میں مہمان اداکار کے طور پر انٹری دی—.اسکرین شاٹ

1978میں قادر خان ”مقدر کے سکندر“ میں مہمان اداکار کے طور پر نظر آئے لیکن ان کی چھوٹی سی اینٹری ہی سکندر کو مقدر کا سکندر بناتی ہے۔

امیتابھ اور ونود کھنہ کے ساتھ ساتھ قادر خان نے جتندر کے ساتھ فلمیں کرنا شروع کی  اور ’میری آواز سنو‘، ’ہمت والا‘، ’جسٹس چوہدری‘، ’تحفہ سے لاکٹ‘ سمیت کئی مزید فلموں میں کام کیا۔

گوندا کے ساتھ ’آنکھیں‘، ’راجہ بابو‘، ’ہیرو نمبر 1‘ اور ’قُلی نمبر 1‘ جیسی میگا ہٹ فلمیں دیں تو سلمان خان کے ساتھ ’ساجن‘، ’جڑواں‘ اور ’مجھ سے شادی کروگی‘ جس میں اکشے کمار بھی تھے بلاک بسٹر فلمیں ثابت ہوئیں۔قادر خان اتنے ورسٹائل تھے کہ ایک ایک سال میں ان کی 10 سے زائد فلمیں ریلیز ہوتی تھیں اور سب میں ان کے کردار مختلف اور اہم ہوتے تھے۔

قادر خان کی گووندا کے ساتھ ایک ایوارڈ شو میں لی گئی یاگار تصویر—.فوٹو فائل 

 قادر خان نے اپنے فلمی کیریئر میں مجموعی طور پر 400 فلموں میں کام کیا ۔قادر خان کی آخری بڑی فلم”محبوبہ“ دس سال پہلے ریلیز ہوئی تھی۔دھڑکن میں استاد نصرت فتح علی خان کی آواز میں ”دلہے کا سہرا“ بھی قادر خان پر خوب چمکا۔قادر خان اور شکتی کپور کی جوڑی غالبا بالی وڈ میں سب سے زیادہ ایک ساتھ کام کرنے والی جوڑیوں میں سب سے اوپر ہوگی۔

قادر خان 81 سال پہلے کابل میں پیدا ہوئے اور ان کا انتقال 2019 کے پہلے دن کینیڈا میں ہوا۔ قادر خان کے ایک بیٹے سرفراز خان نے فلموں میں کام کیا ان کی سب سے بڑی فلم تیرے نام تھی جس میں وہ سلمان خان کے سب سے سچے دوست بنے تھے۔قادر خان اپنی تحریر، مکالموں اور اداکاری کی وجہ سے کئی بار ایوارڈز کے لیے نامزد ہوئے لیکن ایوارڈ انہوں نے ’میری آواز سنو‘، ’باپ نمبری بیٹا دس نمبری‘ اور ’انگار‘ سے جیتے


اپنا تبصرہ لکھیں