قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پیپلز پارٹی کے صدر آصف علی زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اسپیکر اسد قیصر کی سربراہی میں ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے نیب کے سامنے کوئی تاخیری حربہ استعمال نہیں کیا، انہوں نے آصف زرداری نے نیب کے ہر سوال کا جواب دیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے آج ہی آصف زرداری کے پرودکشن آرڈر جاری کیے جائیں، خواجہ سعد رفیق کے بھی پروڈکشن آرڈر جاری کیے جائیں۔
قائد حزب اختلاف کے مطالبے پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ مجھے اس معاملے پر قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے لیے کچھ وقت دیں۔
عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی جانب سے وزیر توانائی عمر ایوب کو ٹوئٹ کر کے مبارکباد دی کہ آپ نے بجلی کا مسئلہ حل کر دیا ہے، یہ صدی کا سب سے بڑا جھوٹ ہے۔
قبل ازیں پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے بھی قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے بھی آصف علی زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے ایوان میں آنے تک قومی اسمبلی کی کارروائی معطل کی جائے۔
فواد چوہدری نے عید کے چاند کے حوالے سے کیمیائی نسخے نکالے: شہباز شریف
وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ہمارے دوست فواد چوہدری سے ان کا عہدہ چھن لی گیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ فواد چوہدری عہدہ چھن جانے کے بعد ڈپریشن میں چلے گئے ہیں۔
شہباز شریف کی گفتگو کے دوران فواد چوہدری بھی ایوان میں آگئے جس پر صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ فواد چوہدری صاحب، بڑی لمبی عمر ہے آپ کی۔
صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ فواد چوہدری کا سائنس کی دنیا میں ڈنکا بج رہا ہے، فواد چوہدری نے عید کے چاند کے حوالے سے بھی کیمیائی نسخے نکالے ہیں۔