قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایک ملی نغمہ جاری کردیا گیا۔
اس نغمے کی ویڈیو وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے بھی شیئر کردی۔
ملی نغمہ شیئر کرتے ہوئے فردوس عاشق عوان نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ‘حالیہ واقعات نے دو قومی نظریے کی مسلمہ حقیقت ایک بار پھر واضح کردی.
فردوس عاشق اعوان نے لکھا کہ مودی سرکار کی جانب سے مسلط ترمیمی شہریت ایکٹ اور این آر سی کے متعصبانہ امتیازی قوانین نے قائد اعظم کی بصیرت اور اس نظریے کی حقانیت پر مہر ثبت کردی جس کے تحت انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے الگ ریاست کا مطالبہ کیا’۔
اپنی ایک اور ٹوئٹ میں ملی نغمہ شیئر کرتے ہوئے فردوس عاشق عوان نے وزارت اطلاعات کی جانب سے قائداعظم کو خراج عقیدت پیش کیا۔
معاون خصوصی کی جانب سے شیئر کیے گئے نغمے کا عنوان ‘جناح ہم میں زندہ ہے زندہ رہے گا’ ہے، جس کی گلوکاری نعیم پرویز اور ستارہ نے کی۔
وزارت اطلاعات و نشریات کے تعاون سے بنائے گئے اس ملی نغمے کی ہدایات جواد خان نے دی ہے جبکہ نعیم پرویز نے اس کی کمپوزیشن دینے کے ساتھ ساتھ اس کے بول بھی تحریر کیے ہیں۔
ملی نغمے کے آغاز میں تاریخ دان اسٹینلی وولپرٹ کے وہ بول بھی شامل کیے جو انہوں نے قائداعظم کے لیے تحریر کیے تھے۔
انٹرنیٹ پر اس ملی نغمے کو خوب پسند کیا جارہا ہے اور اب تک یوٹیوب پر اس کی ویڈیو کو کئی افراد دیکھ چکے ہیں۔