فیڈمک میں 400 ارب کی سرمایہ کاری سے 400 صنعتیں لگیں گی، کاشف اشفاق

فیڈمک میں 400 ارب کی سرمایہ کاری سے 400 صنعتیں لگیں گی، کاشف اشفاق


فیصل آباد: 

 چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ پراجیکٹ میں 400 ارب روپے کی سرمایہ کاری سے 400 صنعتیں لگیں گی اور تین لاکھ سے زائد لوگوں کو ملازمتیں ملیں گی۔

چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ سی پیک کے تحت قائم ہونے والے پاکستان کے پہلے اسپیشل اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے لیے 3317 ایکڑ زمین حاصل کر لی گئی ہے۔ اس میں سے 700 ایکڑ سے زائد زمین کی فروخت کے معاہدے ہو چکے ہیں اور بہت سے غیر ملکی و مقامی سرمایہ کار رابطے میں ہیں۔ یہاں زمین لینے والی 12 کمپنیوں کو رواں ماہ ہی زمین کا قبضہ دیدیا جائے گا تاکہ وہ صنعتی یونٹس کی تعمیر شروع کر سکیں۔

اس پراجیکٹ میں 400 ارب روپے کی سرمایہ کاری سے 400 صنعتیں لگیں گی اور تین لاکھ سے زائد لوگوں کو ملازمتیں ملیں گی۔ وہ فیڈمک کے زیر انتظام سی پیک کے تحت قائم کئے جانے والے پہلے سپیشل اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

انھوں نے کہا کہ جب وہ فیڈمک کے چیئرمین بنے تو سرمایہ کار رابطہ کرتے تھے تو انھیں فراہم کرنے کے لئے زمین ہی موجود نہیں تھی لیکن اب زمین موجود ہے، گیس اور انفرا اسٹراکچر سمیت دیگر درکار سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کو غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاروں میں جتنی پذیرائی حاصل ہو رہی ہے اس کی وجہ سے ان کا اندازہ ہے کہ آئندہ تین ماہ میں اس کی باقی زمین بھی فروخت ہو جائے گی اور پھر مزید اتنی ہی زمین مزید درکار ہو گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں