گوجرہ: قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اور اولمپئن رشید الحسن نے انکشاف کیا ہے کہ فیڈریشن میں اوپر سے نیچے تک سیاست ملوث ہے۔
پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان رشید الحسن کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایشیاء کپ میں 11 کی بجائے 12 کھلاڑیوں کی شرکت جگ ہنسائی کا باعث بنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اوپر سے نیچے تک فیڈریشن میں سیاست ملوث ہے جبکہ موجودہ فیڈریشن کے آنے پر قومی ہاکی ٹیم ساتویں سے اٹھارہویں نمبر پر آ گئی ہے۔
ان کا کہن تھا کہ چیف پیٹرن وزیراعظم شہباز شریف کو موجودہ ہاکی فیڈریشن کو تحلیل کرنا چاہیے اور اگر یہی فیڈریشن رہی تو قومی ہاکی ٹیم بائیسویں نمبر پر آجائے گی۔
سابق اولمپئن کا کہنا تھا کہ ایماندار اور سخت فیصلے کرنے والے افراد کو ہی پی ایچ ایف میں ہونا چاہیے۔
کرنل (ر) محمد مکرم خان نے کہا کہ ڈیپارٹمنٹل ہاکی کی بحالی سے ہاکی آگے بڑھے گی، قومی مفادات کے حامل سرکاری و نیم سرکاری اداروں کی ٹیمیں بننی چاہیے۔
مکرم خان کا مزید کہنا تھا کہ اکیڈمیز منظورِ نظر افراد کی بجائے ہاکی ترویج کے لئے ہونی چاہیے۔