’’فیٹ مین‘‘ سپر ہیروز کے بارے میں لوگوں کا نظریہ بدل دے گی، احمد علی بٹ


کراچی: ہدایت کار وپروڈیوسر نبیل قریشی اورفضا علی مرزا کی فلم ’’فیٹ مین‘‘ میں اداکار احمد علی بٹ مرکزی کردار ادا کریں گے۔

اداکار احمد علی بٹ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اپنی نئی فلم’’فیٹ مین‘‘ کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نےبطور مرکزی اداکار اپنے کیریئر کی پہلی فلم’’فیٹ مین‘‘سائن کرلی ہے۔ فلم کی ہدایت کاری پاکستان کے معروف ہدایت کار نبیل قریشی دیں گے جب کہ فضا علی مرزا اسے پروڈیوس کریں گی۔

ایک انٹرویو کے دوران احمد علی بٹ نے اپنی فلم اور فلم کے دلچسپ نام ’’فیٹ مین‘‘ کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ  یہ فلم موٹاپے کا شکار شخص کے ساتھ روا رکھے جانے والے معاشرتی رویوں کے گرد گھومتی ہے جسے ہمارے معاشرے میں زیادہ اہمیت نہیں دی جاتی۔

فلم ’’فیٹ مین‘‘ میں جذبات اور گھریلو رشتوں کو بھرپور انداز میں پیش کیا جائے گا اس کے علاوہ فلم میں دکھایاجائے گا کہ موٹاپے کا شکار شخص اپنی زندگی میں کس طرح کے مسائل کا سامنا کرتا ہے۔ احمد علی بٹ نے مزید کہا کہ یہ فلم سپر ہیروز کے بارے میں لوگوں کا نظریہ بدل دے گی۔

فلم کے ہدایت کار و پروڈیوسر نبیل قریشی اور فضا علی مرزا کا اپنی فلم کے حوالے سے کہنا ہے کہ فلم’’قائد اعظم زندہ باد‘‘کے بعد اس فلم کی شوٹنگ شروع کی جائے گی جب کہ اسے اگلے سال کے آخر میں ریلیز کیا جائے گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں