فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی ایک روپے 88 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری


نیشنل الیکٹرک ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے دسمبر کے لیے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی ایک روپے 88 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دیدی۔

بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی دسمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی درخواست کی سماعت چیئرمین نیپرا کی سربراہی میں ہوئی۔

چیئرمین نیپرا نے استفسار کیا کہ دسمبر میں بجلی پیداوار میں فرنس آئل کا زیادہ کیوں استعمال کیا گیا، دسمبر میں 4 ارب 90کروڑ کا فرنس آئل استعمال کیا گیا۔

حکام نیشنل پاور کنٹرول سینٹر نے بتایا کہ ہمارے پاس دسمبر میں گیس کی قلت تھی۔

چیئرمین نیپرا نے کہا کہ صارفین کی بجلی کے بل دے دے کر چیخیں نکل گئی ہیں اور یہ ایک ماہ میں پانچ ارب کا فرنس آئل استعمال کر رہے ہیں۔

بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے دسمبر کے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 2 روپے فی یونٹ اضافہ مانگا گیا۔

نیپرا نے دسمبر کے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی ایک روپے 88 پیسے فی یونٹ بڑھانے کی منظوری دیدی۔

نیپرا کے مطابق دسمبر میں صارفین پر 13 ارب 80کروڑ روپے کا اضافہ منتقل ہو گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں