فیس بک کے بعد گوگل اور مائیکرو سافٹ بھی بھارت میں سرمایہ کاری کیلئے تیار


فیس بک کے بعد اب امریکا کی مزید 2 ٹیکنالوجی کمپنیاں بھی بھارت میں ٹیلی کام صنعت میں اربوں ڈالرز کا سرمایہ کاری کرنے والی ہیں۔

فنانشنل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق گوگل کی جانب سے ووڈا فون آئیڈیا کے 5 فیصد حصص خریدنے پر غور کیا جارہا ہے جو کہ بھارت کی دوسری بڑی ٹیلی کام کمپنی ہے۔

اسی طرح ایک اور رپورٹ کے مطابق مائیکرو سافٹ ریلائنس جیو پلیٹ فارمز میں 2 ارب ڈالرز سرمایہ کاری پر بات چیت کی جارہی ہے۔

فنانشنل ٹائمز کے مطابق گوگل کی جانب سے ووڈا فون کے ساتھ جیو ریلائنس سے بھی مذاکرات ہورہے ہیں۔

اس کمپنی کے بھارت میں 388 ملین سے زیادہ سبسکرائبرز ہیں اور حالیہ ہفتوں میں اس میں بین الاقوامی کمپنیوں کی دلچسپپی میں اضافہ ہوا ہے۔

تاہم جیو ریلائنس اور گوگل کی جانب سے اس رپورٹ پر بات کرنے سے گریز کیا گیا ہے جبکہ مائیکرو سافٹ نے بھی کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

جیو ریلائنس بھارت کے سب سے امیر ترین شخص مکیش امبانی کی کمپنی ہے اور مذکورہ کمپنی میڈیا، ٹیلی کمیونی کیشن، ای کامرس و موبائل مینیو فیکچرنگ سمیت متعدد انڈسٹریز کی مالک کمپنی ہے۔

اسی کمپنی کے تحت ریلائنس انڈسٹریز، ریلائنس فاؤنڈیشن، نیٹ ورک 18 میڈیا انویسٹمنٹ، جیو فائبر، ایل وائے ایف اسمارٹ فونز، جیو فون،جیو مارٹ، جیو نیٹ وائی فائی، جیو ایپس، جیو پیمنٹ بینک اور جیو ساون سمیت کئی کمپنیاں کام کر رہی ہیں۔

مکیش امبانی نے مذکورہ کمپنی کی 2016 میں شروعات کی تھی اور محض 4 سال کے عرصے کے دوران جیو ریلائنس نے بھارت کے 40 کروڑ افراد کو آن لائن کردیا ہے اور خیال کیا جا رہا ہے کہ 2022 تک بھارت کے 90 کروڑ افراد آن لائن ہوجائیں گے۔

بھارت میں جہاں 40 کروٖڑ افراد جیو ریلائنس کے بدولت آن لائن ہوئے ہیں، وہیں 20 سے کروڑ تک افراد دوسرے ذرائع سے بھی آن لائن ہیں اور وہاں ہر آنے والے دن ٹیکنالوجی و کمیونی کیشن کی بہتری کے باعث آن لائن ہونے والے افراد کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔

گزشتہ ایک دہائی کے دوران فیس بک اور گوگل کی جانب سے بھارت پر بہت زیادہ توجہ دی گئی ہے اور مختلف پروگرامز پر کام ششروع کیا ہے جس کا مقصد زیادہ سے زیادہ لوگوں کو آن لائن لانا ہے۔

فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ ان کی کمپنی جیو پلیٹ فارمز کے ساتھ کام کرکے چھوٹے کاروباری افراد اور اداروں کو آن لائن لانے میں مدد فراہم کرے گی اور دونوں کمپنیوں نے اپنی شراکت داری سے کام بھی شروع کردیا ہے۔

ووڈا فون آئیڈیا اور بھارتی کی تیسری بڑی کمپنی ائیر ٹیل کو اس وقت مالی مشکلات کا سامنا ہے اور ووڈا فون کی جانب سے رواں سال کے شروع میں کہا گیا تھا کہ اگر حکومت کی جانب سے مدد نہ کی گئی تو کمپنی کو بند بھی کیا جاسکتا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں