جب آپ فیس بک ایپ پر اسکرولنگ کررہے ہوتے ہیں تو یہ سوشل نیٹ ورک آپ کے کیمرے کو استعمال کرنے لگتا ہے۔
یہ وہ بات ہے جو متعدد صارفین نے دریافت کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے آئی فون کیمرے فیس بک نیوز فیڈ کو دیکھتے ہوئے بیک گراﺅنڈ میں کام کرنے لگے۔
یہ مسئلہ ٹوئٹر پر متعدد پوسٹس میں سامنے آیا اور صارفین کے مطابق یہ کیمرا اس وقت کام ایپ کے پس منظر میں کام کرنے لگتا ہے جب وہ ویڈیوز یا تصاویر کو دیکھ رہے ہوتے ہیں۔
جب لوگ ویڈیو کو فل اسکرین پر دیکھنے کے لیے کلک کرتے ہیں اور پھر معمول کی اسکرین پر جاتے ہیں، تو ایک بگ حرکت میں آکر فیس بک موبائل لے آﺅٹ کو ہلکا سا دائیں جانب کردیتا ہے، جبکہ بائیں جانب خلا میں فون کیمرے میں نظر آنے والا پس منظر آجاتا ہے۔
2 نومبر سے لوگ اس حوالے سے ٹوئیٹس کررہے ہیں۔
فیس بک کے انٹیگریٹی نائب صدر گائے روزین نے منگل کو اس حوالے سے وضاحتی بیان ٹوئٹ پر دیتے ہوئے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ یہ کوئی بگ ہے اور کمپنی اس مسئلے کو دیکھ رہی ہے۔
ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے بتایا کہ فیس بک کی جانب سے ایپل کے ایپ اسٹور میں فکس موجود ہے ‘ہم نے حال میں دریافت کیا کہ آئی او ایس لینڈ اسکیپ پر غلط طریقے سے لانچ ہورہی ہے، اس کے لیے گزشتہ ہفتے اپ ڈیٹ جاری کی گئی’۔
انہوں نے یہ بھی تصدیق کی کہ فیس بک نے پس منظر میں کوئی تصویر یا ویڈیو جمع نہیں کی اور وہ بس پریویو موڈ ہوتا ہے۔
یہ بگ بظاہر نئے آئی او ایس ورژن میں نظر آیا ہے اور اینڈرائیڈ ڈیوائسز اس سے متاثر نہیں ہوئیں۔